• news

 صدر علوی کی عالمی برادری سے سیلاب زدگان کی امداد کی اپیل


  اسلام آ باد (آئی این پی ) صدر پاکستان عارف علوی نے عالمی برادری سے سیلاب زدگان کی امداد کی اپیل کر تے ہوئے کہا ہے کہ  پاکستان بھر میں سیلاب نے لوگوں کی زندگی اور معاش کو تباہ کر دیا ہے، تاریخی بارشوں اور اس کے نتیجے میں آنے والے سیلاب نے کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچایا، سڑکیں،پل،بند،مواصلاتی نظام اور نقل و حمل کے بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا۔ پاکستان میں ہونے والے شدید بارشوں اور سیلاب سے تباہی پر بیان دیتے ہوئے صدر مملکت عارف علوی  نے  عالمی برادری سے پاکستان میں سیلاب متاثرین کی امداد کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری متعلقہ حکومتی اداروں کو اپنی مہارت، ٹیکنالوجی اور درکار مشینری فراہم کرے۔ صدر مملکت نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ متاثریں کو ریسکیو، ریلیف اور بحالی کی اشد ضرورت ہے، پوری قوم، تارکین وطن اور عالمی برادری سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے آگے آئے۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ قوم نے ماضی میں بھی غیر معمولی انسان دوستی کے جذبے کا مظاہرہ کیا، مجھے امید ہے کہ ماضی کی طرح قوم ایک بار پھر سیلاب متاثرین کی مدد کو آئے گی، اور اب بھی متاثرین کی مکمل بحالی تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔ عارف علوی نے کہا کہ ایک بار پھر قوم امدادی کوششوں میں دل کھول کر نقد رقم اور اجناس سے اپنا حصہ ڈالے، ادارے،این جی اوز اور رضاکار متاثرین کو پناہ، خوراک، طبی سہولیات کی فراہمی میں مدد کریں، میڈیا بھی قوم کو رقم اور ضروری اشیا عطیہ کرنے کی ترغیب دے۔

ای پیپر-دی نیشن