مریم نواز ، فضل الرحمن ، رانا ثنا کیخلاف توہین عدالت درخواست خارج
اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے پی ڈی ایم رہنماؤں مریم نواز، رانا ثناء اللہ، مولانا فضل الرحمان اور دیگر کے خلاف توہین عدالت درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کردی۔ رجسٹرار آفس اعتراض کے ساتھ سماعت کے دوران عدالت نے وکیل علی اعجاز بٹر سے استفسار کیا کہ آپ کی پٹیشن ہے کیا؟، جس پر درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ ان رہنماؤں کی جانب سے سوشل میڈیا پر عدلیہ مخالف مختلف بیانات دیئے گئے۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیئے کہ کیا اس ہائیکورٹ سے متعلق کوئی ذکر ہے؟، آپ سپریم کورٹ اور لاہور ہائیکورٹ کے پاس جائیں جن سے متعلق آپ کہہ رہے ہیں، درخواست گزار لاہور کا ہے اس کو یہی جگہ کیوں پسند ہے، پٹیشنر کو کہیں لاہور میں بھی عدالتیں ہیں، جس وقت یہ بیانات دیے گئے اس وقت کسی کے کان پر جوں نہیں رینگی۔ دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف اور نواز شریف کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کے لیے دائر درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے اعتراض عائد کر دیا ہے۔ سابق سنیٹر سید ظفر علی شاہ کی درخواست میں وزیراعظم شہباز شریف، نواز شریف، وزارت داخلہ اور وزارت خارجہ کو فریق بناتے ہوئے کہا گیا ہے کہ نواز شریف بیماری کی غرض سے لاہور ہائیکورٹ کی اجازت سے بیرون ملک گئے تھے، نواز شریف کو بیرون ملک بیجھنے کے لیے شہباز شریف نے بیان حلفی جمع کرانا تھا، نواز شریف مختلف عدالتوں کے اشتہاری ہیں، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کی جائے۔