• news

مہنگائی میں 1.83 فیصد اضافہ ، ہفتہ وار شرح 45.28 فیصد کا نیا ریکارڈ : ادارہ شماریات 


لاہور (کامرس رپورٹر‘ نوائے وقت رپورٹ) ادارہ شماریات نے مہنگائی سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی جس کے مطابق ملک میں مہنگائی  تاریخ کی شرح نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ مہنگائی کی شرح 1.83 فیصد مزید اضافے سے  مجموعی طور پر 44.58 فیصد پر پہنچ گئی۔ ایک ہفتے میں 23 اشیاء  کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جبکہ  7 اشیاء  سستی اور 21 میں استحکام رہا۔ ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں ٹماٹر47 روپے42 پیسے، پیاز 35روپے 6 پیسے فی کلو مہنگا ہوا۔ آلو 3روپے 88 پیسے فی کلو اور انڈے 7 روپے25 پیسے فی درجن مہنگے ہوئے، لہسن 7 روپے 43 پیسے اور دال ماش 4 روپے 10 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی۔ زندہ مرغی 2 روپے 48 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی۔ ایک ہفتے میں 20 کلو آٹے کا تھیلا اوسط 7 روپے 10 پیسے مہنگا ہوا۔ دال چنا، ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر، چاول، بیف اور مٹن بھی مہنگا ہوا۔ ٹماٹر فی کلو 110 روپے کی اوسط قیمت سے 157 روپے تک پہنچ گئے۔ بچوں کے خشک دودھ کا 390 ملی گرام کا پیکٹ 8 روپے 57 پیسے مہنگا ہوا۔ ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق برائلر مرغی کی فی کلو قیمت میں 2 روپے 48 پیسے کا اضافہ ہوا۔ رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے دال مسور کی فی کلو قیمت میں 3 روپے 91 پیسے کی کمی ہوئی۔ ویجیٹیبل گھی کی قیمتوں میں 5 روپے 52 پیسے‘ چینی‘ کیلے‘ ڈالڈا کوکنگ آئل کی قیمتوں میں بھی کمی ہوئی جبکہ حالیہ ہفتے تازہ دودھ اور دہی سمیت 21  اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ 

ای پیپر-دی نیشن