• news

ڈیمز ہوتے تو اتنی تباہی نہ آتی ، عمران : ڈیرہ فلڈ ریلیف کیمپ کا دورہ 

ڈیرہ اسماعیل خان+ اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نامہ نگار) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان جمعہ کی  دوپہر سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے جائزے کیلئے اسلام آباد سے ڈی آئی خان روانہ ہوئے۔ عمران خان اور وزیر اعلی خیبر پختونخوا  محمود خان کی ضلع ڈیرہ اسماعیل خان آمد، سیلاب متاثرین کیلئے رتہ کلاچی سپورٹس سٹیڈیم میں قائم ریلیف کیمپ کا دورہ کیا۔ عمران خان نے انتظامیہ کی جانب سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں اٹھائے گئے اقدامات اور کاوشوں کو سراہا۔  وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے سپورٹس سٹیڈیم میں سیلاب متاثرین سے ملاقات کی جبکہ نقصانات اور ریلیف /امدادی سرگرمیوں سے متعلق دریافت کیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستا ن میں ڈیمز کی تعمیر ناگزیر ہے۔ ڈیمز ہوتے تو آج یہی پانی نقصانات کے بجائے ملک کی ترقی و خوشحالی کا باعث ہوتا۔ اپنے دور حکومت میں دس ڈیمز کی تعمیر پلان کا حصہ تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری دو صوبائی حکومتوں کی مکمل کوشش ہو گی کہ ہر قسم کی امدادی اور ریلیف سرگرمیوں سے متعلق فوری اقدامات اٹھائے جائیں۔ وزیراعلی نے کہا کہ مختلف ترقیاتی فنڈز سے فوری طور پر متاثرین کی بحالی کیلئے فنڈز مہیا کیے جائیں گے۔ اداروں کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ بعد ازاں عمران خان اور وزیر اعلی  سیلاب متاثرین سے ملاقات کیلئے ٹانک کیلئے روانہ ہو گئے۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ سیلاب سے نقصانات پر دل خون کے آنسو رو رہا ہے۔ مشکل کی اس گھڑی میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑوں گا۔ بارشوں سے ملک بھر میں بڑے پیمانے پر نقصانات ہوئے ہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ متاثرین کی بلا تفریق مدد کی جائے۔ دینہ سے نامہ نگار کے مطابق عمران خان آج بروز ہفتہ شام 5 بجے جہلم ضمیر جعفری سٹیڈیم میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے‘ ان کی آمد کے سلسلے میں تمام تر انتظامات مکمل کر لئے گئے۔

ای پیپر-دی نیشن