سیلاب انسانی المیہ بن رہا ، پنجاب حکومت متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے ، پرویز الٰہی
لاہور (نامہ نگار) وزیراعلیٰ پرویز الٰہی سے سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی اسد عمرکی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں شفقت محمود، عندلیب عباس، صوبائی وزراء میاں محمود الرشید، میاں اسلم ا قبال، ڈاکٹر یاسمین راشد اور محسن لغاری شامل تھے۔ ملاقات میں جنوبی پنجاب میں سیلاب متاثرین کے لئے امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ پرویز الہٰی نے کہاکہ سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے وزیراعلیٰ فلڈ ریلیف فنڈ قائم کردیا ہے۔ صاحب حیثیت اور مخیر حضرات بینک آف پنجاب کے اکاؤنٹ نمبر 6010159451200028 میں امدادی رقوم جمع کرا سکتے ہیں۔ وزیراعلیٰ فلڈ ریلیف فنڈ کا IBAN نمبر 6010159451200028 PK92BPUN ہے۔ پرویزالٰہی نے کہاکہ صاحب حیثیت افراد کو مصیبت میں گھرے بہن بھائیوں کی پکار پر آگے آنا ہوگا۔ جنوبی پنجاب کے علاقوں تونسہ، ڈیرہ غازی خان اور راجن پور میں بارشوں اور سیلاب سے بہت تباہی ہوئی۔ لوگ بے گھر ہوچکے ہیں، فصلیں اور املاک تباہ ہوچکی ہیں۔ میں بلا تاخیر خود تونسہ اور راجن پور گیا اور متاثرین سے ملاقات کر کے صورتحال کا خود جائزہ لیا۔ متاثرہ علاقوں میں حکومت پنجاب نے ریسکیو اور ریلیف آپریشن کو مزید تیز کردیا ہے۔ اضافی انسانی وسائل اور ضروری مشینری کو متاثرہ علاقوں میں پہنچا دیا گیا ہے۔ سیلاب زدہ علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کر کے آفت زدہ قرار دیا گیا ہے۔ میری قوم سے اپیل ہے کہ وہ متاثرہ بہن بھائیوں کی مدد کے لئے فلڈ ریلیف فنڈ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں کیونکہ اس آفت سے نمٹنے کے لئے سب کو یکجا ہو کر متاثرین کے ساتھ کھڑا ہونا ہے۔ پنجاب حکومت مشکل کی اس گھڑی میں متاثرین کے سا تھ کھڑی ہے اور تمام وسائل ان کے لئے حاضر ہیں۔ سیلاب انسانی المیہ کی شکل اختیار کر رہا ہے اور انسانی جانوں کے ضیاع پر دل بے حد افسردہ ہے۔