سیلاب تباہ کاریوں سے حکومت تنہا نہیں نمٹ سکتی ، سب آگے آئیں : مریم اورنگزیب
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں ایسا سیلاب پہلے کبھی نہیں دیکھا، ملک موسمیاتی تبدیلی سے بری طرح متاثر ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ بلوچستان میں چار سو فیصد زیادہ بارشیں ہوئیں، سندھ سیلاب سے زیادہ متاثرہ ہوا ہے، پاکستان میں 190 فیصد زیادہ بارشیں ہوئیں۔وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ ملک بھر میں ایک ہزار سے زائد اموات ہوچکیں، لوگوں کے مویشی ،املاک کو نقصان پہنچا ہے، سوات، مینگورہ اوردیگر علاقوں میں پکی عمارتیں بھی بہہ گئی ہیں۔ حکومت صورتحال سے تنہا نہیں نمٹ سکتی، متاثرین کی مدد کیلئے سب کو آگے آنا ہوگا۔مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ فوج اور ادارے معاونت میں مصروف ہیں، اوورسیز پاکستانی بھی سیلاب زدگان کیلئے مدد کریں۔مریم اورنگزیب کی ہدایات پر متاثرین سیلاب کی فوری امداداوربحالی کیلئے ریڈیو پاکستان میں سیل قائم کئے گئے ہیں۔یہ سیل سیلاب زدگان کی فوری امداد اوربحالی کی جاری سرگرمیوں میں اپنافعال کردار ادا کریں گے۔ اسلام آباد میں ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراطلاعات نے اس بات کی تعریف کی کہ قومی نشریاتی ادارہ متاثرین سیلاب کی امداد اوربحالی کی جاری سرگرمیوں میں اپنابھرپور کرداراداکررہاہے۔انہوں نے سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کو فوری امداد کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے ریڈیو پاکستان کی انتظامیہ کے خصوصی نشریات شروع کرنے کے اقدام کو بھی سراہا۔