• news

سیاست نہیں حقیقی آزادی کی جنگ لڑ رہا ہوں ، آئی ایم ایف سے بات کرو ، ملک میں سیلاب ہے : عمران 

جہلم  (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہماری جدوجہد سیلاب اور جنگوں کے دوران بھی جاری رہے گی۔ سیلاب سے اربوں کی تباہی ہوئی ہے حکومت کو آئی ایم ایف سے بات کرنی چاہئے، ملک میں سیلاب آیا ہوا ہے۔ جہلم میں پی ٹی آئی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ اللہ نے پاکستان کو بڑے امتحان میں ڈالا ہے، اللہ کبھی کبھی اپنی مخلوق کوآزماتا ہے، اللہ نے ہمیں ایک آزمائش دی ہے ہم سب وعدہ کرتے ہیں اللہ ہم اس امتحان میں فیل نہیں ہونگے، سوات، چترال سمیت ہر جگہ عذاب آیا ہوا ہے، موسم کی خرابی کی وجہ سے تونسہ، راجن پور، ڈی جی خان نہیں جا سکا، سیلاب سے فصلوں کو بہت زیادہ نقصان پہنچا، بلوچستان، سندھ میں لوگوں کا برا حال ہے۔ اس امتحان سے قوم مل کر لڑتی ہے، ایسے امتحان سے ہم سب نے ملکر مقابلہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2010کے سیلاب میں ہر پاکستانی نے مل کر مقابلہ کیا تھا، آج بھی ہم سب نے مل کر اس امتحان کا مقابلہ کرنا ہے، نوجوانوں کی ٹائیگرفورس بنائی ہے، ٹائیگرفورس متاثرہ علاقوں میں جا کر حکومتوں کی مدد کرے گی، پیر کی شام کو ایک ٹیلی تھون کرونگا، پاکستان اور بیرون ملک پاکستانیوں سے پیسہ اکٹھا کرونگا، پاکستان میں ڈیم نہ بنا کربڑی کوتاہی کی گئی، جتنی بھی حکومتیں آئی سب سے سوال پوچھتا ہوں آپ لوگوں کوخیال کیوں نہ آیا، پچاس سال میں کسی حکومت نے ملک میں ڈیم بنانے کا نہیں سوچا، انہوں نے کہا کہ اخبارات میں ہمارے خلاف کمپین چل رہی ہے، ایک میڈیا ہاؤس ہمیشہ پیسے لیکر چوروں کی حفاظت کرتا ہے، کمپین کر رہے ہیں اس وقت جلسے نہیں کرنے چاہئیں، لفافوں کان کھول کرسن لو، میں سیاست نہیں کر رہا حقیقی آزادی کی جنگ لڑ رہا ہوں، 30 سال سے ملک لوٹنے والوں کے خلاف حقیقی آزادی کی جنگ لڑرہا ہوں، ملک میں قانون کی بالادستی کی جنگ لڑ رہا ہوں۔ پاکستان نے اسلامی فلاحی ریاست بننا تھا، ہماری جدوجہد سیلاب اورجنگوں کے دوران بھی جاری رہے گی، جب تک حقیقی آزادی نہیں ملتی ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے پی ٹی آئی چیئر مین کاکہنا تھا کہ چوروں کا ٹولہ کان کھول کرسن لے تم جیسے چوروں سے آزادی تک جدوجہد جاری رہے گی، فکر نہ کرو، سیلاب کے دوران ہم وہ کام کریں گے جو تم ساری زندگی بھی نہیں کر سکتے، تم چوروں کو تو کوئی پیسے دینے کو بھی تیار نہیں، بھگوڑا لندن بیٹھ کر ہمیں درس دے رہا ہے۔ سیاست نہیں کرنی چاہیے، نواز شریف مفرور مجرم، شہباز شریف، ڈیزل، زرداری سن لو حقیقی آزادی تک جدوجہد جاری رہے گی۔ زرداری کو پیسوں کی بیماری ہے جب پیسہ دیکھتا ہے تواس کی مونچھیں اوپر نیچے ہو جاتی ہیں۔ سیلاب متاثرین کے لیے بھی جدوجہد کروں گا، سیلاب متاثرین کی ہرممکن مدد کروں گا لیکن تمہیں نہیں چھوڑنا، دو ڈاکو خاندانوں کے آنے سے پہلے پاکستان برصغیرمیں تیزی سے ترقی کر رہا تھا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ جب ڈاکو خاندان مسلط ہوئے توہم بھارت، بنگلادیش سے بھی پیچھے رہ گئے، شہبازشریف، مفتاح اسماعیل کہہ رہے ہیں ہماری وجہ سے آئی ایم ایف پروگرام فیل ہو جائے گا۔ شہباز شریف اور ان کے اتحادیوں نے قرضے لوگوں پرچڑھائے سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مفتاح اسماعیل کہہ رہا ہے آئی ایم ایف پروگرام ہم ناکام بنانا چاہتے ہیں، دو ماہ سے تیمورجھگڑا میٹنگ کے لیے بلاتا رہا، سیلاب سے اربوں کی تباہی ہوئی کدھرسے سرپلس ہوگا۔ گوری چمڑی سے اتنا نہ گھبراؤآپ کوآئی ایم ایف سے بات کرنی چاہیے، ملک میں سیلاب آیا ہوا ہے، دل بڑا کرو، ٹرانسپلانٹ کرالو، آئی ایم ایف سے بات کرو۔ ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کے بیانات سے شرمندگی ہوتی ہے۔ امپورٹڈ حکومت ایک غیرت مند قوم کو شرمندہ کررہی ہے،اس سے قبل جلسے سے خطاب کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ سیلاب سے ہزاروں لوگ متاثر ہوئے، دوسری طرف پی ڈی ایم چورن بیچ رہی ہے۔ آج نام نہاد حکومت کہہ رہی ہے تحریک انصاف جلسے نہ کرے۔ آج ان سے پیسے اکٹھے نہیں ہورہے، انہوں نے کہا کہ آج عام طبقے کی کمرٹوٹ گئی ہے۔ پیاز، ٹماٹرکی قیمت 300 روپے کلو تک پہنچ گئی ہے۔ رجیم چینج سے گزارنے والے ذمہ دارہیں، نیا تماشا چل رہا ہے، نوازشریف کہتا ہے مفتاح اسماعیل بْرا ہے، نیا ڈرامہ ہورہا ہے شہباز شریف کہتا ہے مفتاح اسماعیل بْرا نہیں، ہمیں اس ڈرامے سے ہوشیار رہنا ہو گا۔

ای پیپر-دی نیشن