اپوزیشن جلسہ جلسہ کھیلے ، ہماری اولین ترجیح سیلاب متاثرین ہیں : بلاول
اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی اور وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کی مرضی جلسہ جلسہ کھیلتی رہے اس وقت ہماری ترجیح سیلاب متاثرین ہیں۔ برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہماری اس وقت اولین ترجیح سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑے ہو کرانہیں امداد فراہم کرنا ہے۔ اپوزیشن کی مرضی ہے جلسہ جلسہ کھیلتی اور الیکشن کے مطالبات کرتی رہے۔ بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ دنیا میں ایسی کوئی مثال نہیں دیکھی کہ اتنی بڑی قدرتی آفات ہو جس سے اتنے سارے لوگ اور علاقے متاثر ہوں اور اس وقت سیاست چلتی رہے۔ یہ افسوس کی بات ہے۔ قدرتی آفات میں پورا ملک مل کر متاثرین کی مدد کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ ان کے اپنے صوبے میں سیلاب ہے لیکن یہ جلسے جلسے کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب سے سب سے زیادہ سندھ متاثر ہوا ہے اور اس کے متعدد اضلاع کو آفت زدہ قرار دے دیا گیا ہے۔ سیلاب کے باعث صرف ایک شہر لاڑکانہ سے ہی 80 ہزارخاندان بے گھر ہوئے ہیں۔ سیلاب متاثرین کی بحالی اور ان کے ساتھ کھڑے ہونا اولین ترجیح ہے۔ اس کے بعد سیاست کرتے رہیں گے۔ دریں اثناء ان کا کہنا تھا کہ سال 2020ء میں سندھ کے عوام متاثر ہوئے تھے آج کی اپوزیشن اس وقت حکومتی جماعت تھی، اس وقت عمران خان وزیراعظم تھے۔ انہوں نے ہمارے سیلاب متاثرین کا ساتھ نہیں دیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج عمران خان اپوزیشن میں ہیں ان کے اپنے صوبے خیبر پختونخواہ میں سیلاب آ رہا ہے مگر وہ جلسہ کھیل رہے ہیں، یہ بہت ہی افسوسناک ہے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے ان کے ترک ہم منصب میولود چاؤش اولو کا ٹیلی فونک رابطہ۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطا بق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ترک وزیر خارجہ میولود چاؤش اولو کو پاکستان میں غیرمعمولی بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے بے پناہ نقصانات سے آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سیلاب سے بحالی کے امور میں مدد کے لئے فوری طور پر رضاکار بھیجنے پر ترک وزیر خارجہ سے اظہار تشکر کیا۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے میولود چاؤش اولو سے مکالمہ کیا پاکستان اور ترکیہ بحرانوں کے وقت ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔