کرونا کے 16 ہزار 570 ٹیسٹ‘ 290 افراد میں وائرس کی تصدیق‘ مثبت شرح 1.75 فیصد‘ 123 مریضوں کی حالت نازک
لاہور‘ اسلام آباد (خبر نگار +خصوصی نامہ نگار+نوائے وقت رپورٹ) ملک بھر میں کرونا کے مزید 2 مریض انتقال کر گئے۔ قومی ادارہ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کے مزید 2 مریض انتقال کر گئے جبکہ 123 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ کرونا کے 16 ہزار 570 ٹیسٹ کئے گئے جس میں 290 افراد کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا۔ این آئی ایچ نے مزید کہا کہ کرونا کے 123 مریضوں کی حالت نازک ہے۔ ملک میں کرونا مثبت کیسز کی شرح 1.75 ریکارڈ کی گئی۔ دریں اثناءامریکہ نے کوویکس کے اشتراک سے پاکستان کو 90 لاکھ فائزر اور موڈرنا کووڈ 19- ویکسین فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ امریکہ فائزر اور موڈرنا ویکسینز کا سب سے بڑا عطیہ دہندہ ہے۔ امریکی سفارتخانے کی جاری پریس ریلیز میں پاکستان اور امریکہ کے گزشتہ 75 سالوں کے دوطرفہ تعلقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان صحت کے تعاون کی تعریف کی گئی۔ پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ ہم نے پاکستان کو ویکسین سپلائز اور تربیت فراہم کی ہے۔ ملک کے ہیلتھ کیئر پروفیشنلز کی مہارت اور لگن کے ساتھ مل کر دونوں ممالک کووڈ 19- کا مقابلہ کریں گے اور عوام کی صحت اور حفاظت کیلئے مل کر کام کا عمل یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ویکسینیشن کی جاری کوششوں میں مدد کیلئے اضافی 2 کروڑ ڈالر کی فنڈنگ کا بھی منصوبہ بنایا گیا ہے۔
کرونا