پنجاب میں ہیلی کاپٹروں کے ذریعے ریلیف سرگرمیاں شروع، 30 ہزار خیمے تقسیم
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سیلاب زدہ علاقوں میں ہفتے کے روز سے ہیلی کاپٹروں کے ذریعے ریلیف کی سرگرمیاں شروع کر دی گئی ہیں۔ اس مقصد کے لئے صوبائی حکومت کی طرف سے دو ہیلی کاپٹر انتظامیہ اور پی ڈی ایم اے پنجاب کے سپرد کئے گئے۔ گزشتہ روز وزارتی کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کا دوسرا اجلاس وزیر پارلیمانی امور اور چیئرمین کمیٹی بشارت راجہ کی زیر صدارت ہوا۔ چیف سیکرٹری کامران علی افضل اور ایس ایم بی آر زاہد اختر زمان نے اجلاس کو سیلاب زدہ علاقوں کے اپنے حالیہ دوروں کے حوالے سے بریفنگ دی۔چیئرمین کمیٹی بشارت راجہ نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ تمام محکمے اور ادارے سیلاب زدہ علاقوں میں مصروف ہیں تاہم انہوں نے سرگرمیوں کو مزید مربوط بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں اگرچہ ریسیکو کا کام فی الوقت مکمل ہوگیا ہے تاہم دریائے سندھ میں اب بھی سیلاب کا خطرہ باقی ہے، اس لئے متعلقہ حکام الرٹ ہیں۔ سیلاب زدہ علاقوں میں اب تک 30 ہزار خیمے مہیا کئے جا چکے ہیں۔ راجن پور، ڈی جی خان اور میانوالی کی ضلعی انتظامیہ نے جتنے پیسے مانگے انہیں فراہم کر دیے گئے ہیں اور مزید رقم بھی مہیا کی جائے گی۔ سیلاب زدہ علاقوں کے عوام خود کو تنہا نہ سمجھیں۔ وزارتی کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ نے میڈیا کو پنجاب حکومت کی طرف سے ریلیف اقدامات پر باقاعدگی سے بریفنگ دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے سیکرٹری انفارمیشن راجہ منصور احمد کو ہدایت کی کہ میڈیا کے نمائندوں کو متاثرہ علاقوں کا وزٹ کرایا جائے۔
ریلیف سرگرمیاں