سیلاب سے زندگیاں برباد‘ عوام متاثرین کی دل کھول کر مدد کریں: منور جماعتی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان بھر میں سیلاب نے لوگوں کی زندگی اور معاش کو تباہ کر دیا ہے۔ پاکستانیوں نے ماضی میں بھی غیر معمولی انسان دوستی کے جذبے کا مظاہرہ کیا ہے، وہ ایک بار پھر آگے آئیں اور سیلاب متاثرین کی امداد کےلئے انفرادی و اجتماعی امدادی کوششوں میں مدد کےلئے دل کھول کر نقد رقم اور اجناس سے اپنا حصہ ڈالیں۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی سجادہ نشین حضرت امیر ملت پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے صحافیوں کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ مون سون سیزن کے دوران بارشوں اورسیلابی ریلوں نے ملک بھر میں تباہی مچا دی جس سے لاکھوں افراد براہ راست متاثر ہوئے، لاکھوں مویشی بھی سیلابی ریلوں کی نذر ہو گئے۔ اس کے علاوہ اربوں روپے کی املاک کا نقصان الگ ہوا۔ اس صورتحال میں بحیثیت مسلمان اور پاکستانی ہم سب کو چاہئے کہ سیلاب متاثرین کی مدد کےلئے ہم ہرممکن کوششیں کریں اور امدادی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ پاکستانی قوم اور پوری د±نیا میں رہنے والے اوورسیز پاکستانی اپنے مجبور، بے بس اور لاچار بہن بھائیوں کی مدد کےلئے آگے آئیں۔ پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے اس موقع پر سیلاب زدگان کےلئے خصوصی دعا بھی کی۔
منور جماعتی