چیئرمین واپڈا کا دورہ مہمند ڈیم پراجیکٹ‘ سیلاب کے اثرات کا جائزہ
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی سیکرٹری آبی وسائل ڈاکٹر کاظم نیاز اور چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی (ریٹائرڈ) نے آج مہمند ڈیم پراجیکٹ کا دورہ کیا اور دریائے سوات میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کے بعد پراجیکٹ کے مختلف حصوں پر پڑنے والے اثرات کا جائزہ لیا۔ پراجیکٹ کے مختلف حصوں کے دورے کے بعد مہمند ڈیم پراجیکٹ انتظامیہ نے وفاقی سیکرٹری آبی وسائل اور چیئرمین واپڈا کو سیلاب سے پہلے اور سیلاب کے بعد کی صورت حال پر بریفنگ دی۔ انہیں بتایا گیا کہ گزشتہ روز دریائے سوات میں آنے والے سیلاب سے قبل پراجیکٹ کی 14 مختلف سائٹس پر تعمیراتی کام جاری تھا۔ تاہم انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کی وجہ سے پراجیکٹ کی ڈائی ورشن ٹنلز، ری ریگولیشن پانڈ اور دریا کے دونوں جانب زیرتعمیر سڑکیں متاثر ہوئی ہیں۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ حالیہ سیلاب کے اثرات کی وجہ سے منصوبے کی ہدف کے مطابق تکمیل پر اثر ہوسکتا ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے کہا کہ پراجیکٹ انتظامیہ کے بروقت اقدامات کی بدعلت پراجیکٹ پر سیلاب کے اثرات کو کم کرنے اور منصوبے پر کام کرنے والے غیر ملکی اور ملکی انجینئرز اور ورکرز کی جانیں بچانے میں مدد ملی، جو قابل تعریف ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سیلاب گزرنے اور دریائے سوات میں حالات معمول پر آنے کے فوری بعد منصوبے پر تعمیراتی کام شروع کردیا جائے۔
چیئرمین واپڈا