• news

وزیر داخلہ کو ترک ہم منصب کا فون‘ متاثرین کی ہر ممکن مدد کا یقین دلایا


اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وزیر داخلہ رانا ثناء اﷲ سے ترک ہم منصب سلیمان سوئے لو نے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔ ترک وزیر داخلہ نے سیلاب سے انسانی اور مالی نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ اعلامیہ کے مطابق ترک وزیر داخلہ نے پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔ وزیر داخلہ رانا ثناء اﷲ نے وزیراعظم کی طرف سے ہنگامی مدد پر ترک صدر اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔ ترک وزیر داخلہ نے کہا کہ سیلاب متاثرین کیلئے امدادی سامان خصوصی طیارے کے ذریعے پاکستان روانہ کر دیا گیا ہے۔ امدادی سامان میں خیمے‘ کھانے پینے کی اشیاء اور ادویات شامل ہیں۔ دس ہزار خیمے‘ تین ہزار فوڈ باکس اور ایک ہزار بچوں کی خوراک کے ڈبے بھیجے گئے ہیں۔ رانا ثناء اﷲ نے کہا کہ ترکیہ نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کی دل کھول کر امداد کی ہے۔ ترک صدر اور عوام کے جذبہ انسانی اور پاکستان سے محبت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن