• news

چاند نظر آ گیا آج یکم صفر


لاہور (خصوصی نامہ نگار) ماہ صفر المظفر 1444ھ کا چاند  نظر آ گیا‘  آج پیر کے روز یکم صفر ہو گی۔ چیئرمین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد کی زیر صدارت زونل رؤیت ہلال کمیٹی کا اجلاس ایوان اوقاف میں ہوا۔ اجلاس میں وزرات مذہبی امور سے نصیرالدین، محکمہ اوقاف سے آصف اعجاز، محکمہ موسمیات سے چوہدری محمد اسلم اور ٹیلیفون پر وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے زین العابدین، محکمہ موسمیات سے چیف میٹ سردار سرفراز، محکمہ سپارکو سے غلام مرتضیٰ نے شرکت کی۔ زونل رؤیت ہلال کمیٹی کے ارکان مفتی محمد رمضان سیالوی، مفتی محمد اسحاق ساقی، مولانا حافظ زبیر حسن، رانا محمد شفیق خان پسروری، علامہ محمد افضل حیدری، علی حسین و دیگر بھی شریک ہوئے۔ اجلاس کے بعد مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد، بنوں، پنجگور، کوئٹہ و دیگر مقامات پر چاند نظر آ گیا ہے لہذا اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا کہ یکم صفرالمظفر1444ھ آج 29 اگست 2022ء  بروز پیر کو ہوگی۔ مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے اس موقع پر کہا کہ ملک سیلاب کی زد میں ہے، پوری قوم سے میں اپیل کرتا ہوں کہ مشکل کی اس گھڑی میں بڑھ چڑھ کر سیلاب زدگان کی مدد کریں ۔

ای پیپر-دی نیشن