امریکی ڈرون کیلئے پاکستانی حدود کا ستعمال ، طالبان کی طرف سے الزام تشوتشناک
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان نے کہا ہے کہ امریکی ڈرون آپریشن کیلئے پاکستانی فضائی حدود کے استعمال پر افغان قائم مقام وزیر دفاع کے الزام پر گہری تشویش ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ امریکی ڈرون کیلئے پاکستانی حدود کے استعمال کے الزام کو تشویش کے ساتھ نوٹ کیا ہے۔ بغیر ثبوت کے الزامات افسوسناک اور ذمہ دارانہ سفارتی طرزعمل کے منافی ہیں۔ پاکستان تمام ریاستوں کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت پر یقین رکھتا ہے۔ قبل ازیں طالبان کے قائم مقام وزیردفاع نے الزام عائد کیا کہ پاکستان نے امریکی ڈرونز کو افغانستان تک رسائی کیلئے اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دی۔ الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق قائم مقام وزیردفاع ملا محمد یعقوب نے کابل میں ایک نیوز کانفرنس میں صحافیوں کو بتایا کہ امریکی ڈرون پاکستان کے راستے افغانستان میں داخل ہو رہے ہیں۔ ہم پاکستان سے کہتے ہیں کہ اپنی فضائی حدود ہمارے خلاف استعمال نہ کریں۔