ولی تنگی ڈیم ٹوٹنے کی غلط خبر‘ عوام خوفزدہ‘ حکومت نے تحقیقات کا حکم دے دیا
کوئٹہ (بیورو رپورٹ) کوئٹہ کے نواحی علاقے ولی تنگی میں ڈیم ٹوٹنے کی افواہ پر نواں کلی اور دیگر علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ڈیم ٹوٹنے کی افواہ پر گزشتہ شب شہریوں کی بڑی تعداد گھروں کو چھوڑ کر محفوظ مقامات کی طرف روانہ ہوئی۔ بعدازاں ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ولی تنگی ڈیم بالکل محفوظ ہے۔ عوام افواہوں پر کان نہ دھریں۔ اتوار کو محکمہ داخلہ حکومت بلوچستان جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ولی تنگی ڈیم کے ٹوٹنے سے متعلق غلط پیغام رسائی کی تحقیقات کیلئے انکوائری کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔ انکوائری کمیٹی کے چیئرمین ڈی آئی جی پولیس (ٹیلی) جبکہ کمیٹی میں ڈائریکٹر آپریشنز لیویز فورس اور ایڈیشنل سیکرٹری سوئم محکمہ داخلہ میں شامل ہیں۔ کمیٹی مختلف کنٹرول رومز سے ڈیم کے ٹوٹنے کے غلط پیغام نشرکرنے کی وجوہات‘ حقائق کے منافی معلومات کی فراہمی کے ذمہ دار کی نشاندہی اور ذمہ داری کا تعین کر کے کمیٹی سات دن کے اندر اپنی رپورٹ حکومت کو پیش کرے گی۔