• news

سیلاب کی تباہ کا ریوں پر قا بو پانے کیلئے پاکستان کیساتھ ہیں : چین 


اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ)  چین نے کہا ہے کہ سیلاب کی تباہ کاریوں پر قابو پانے اور جلد از جلد اس سے نمٹنے کے لیے ہمیشہ پاکستان کے ساتھ ہے۔گوادر پرو کے مطابق پاکستان کو تباہ کن سیلاب کا سامنا ہے اور چینی سفارتخانہ ان دنوں پاکستان کی مدد کے لیے انتہائی سرگرم ہے۔ پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ نے پاکستانی رہنماؤں کے ساتھ سیلاب کی صورتحال پر تبادلہ خیال کرنے اور چینی عطیات پاکستانی حکومت کے حوالے کرنے کے لیے کئی ملاقاتیں کیں۔ چینی سفیر نے وفاقی وزراء شاہ زین بگٹی اور احسن اقبال سے ملاقاتیں کیں تاکہ اس مشکل وقت میں چین کی غیر متزلزل حمایت کا یقین دلایا۔ گوادر پرو کے مطابق وزیر برائے انسداد منشیات شاہ زین بگٹی کے ساتھ نتیجہ خیز بات چیت ہوئی۔ سفیر نونگ رونگ نے ملاقات کے بعد اپنے ٹویٹ میں کہا ہم مشکل کی گھڑی میں پاکستان کے ساتھ ہیں۔ قبل ازیں سفیر نے وفاقی وزیر احسن اقبال سے ملاقات کی۔ گوادر پرو کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات منصوبہ بندی و خصوصی اقدامات نے اپنے ٹوئٹر بیان میں بتایا کہ انہوں نے چینی کمپنیوں کی طرف سے 15 ملین روپے کا عطیہ پی ایم ریلیف فنڈ میں جمع کروا دیا ہے۔ سفیر نونگ رونگ نے مزید کہا کہ چین سیلاب کی تباہ کاریوں پر قابو پانے اور جلد از جلد اس سے نمٹنے کے لیے ہمیشہ پاکستان کے ساتھ ہے۔ دونوں ملک قدرتی آفات میں ایک دوسرے کی مدد کرنے کی عمدہ روایت رکھتے ہیں۔ چینی حکومت کے ترجمان نے کہا کہ ہنگامی انسانی امداد جس میں 25,000 خیمے اور امدادی سامان فوری طور پر روانہ کر دیا گیا، جبکہ 4,000 خیمے، 50,000 کمبل، 50,000 ترپالیں اور دیگر چین پاکستان اکنامک کوریڈور کے فریم ورک کے تحت فراہم کئے گئے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن