بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ کشمیر میں طلباء کے پاکستان‘ بھارت میچ دیکھنے پر پابندی عائد
لاہور (سپورٹس رپورٹر) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ کشمیر میں طلباء پر پاکستان بھارت میچ گروپ کی شکل میں دیکھنے پر پابندی عائد کر دی گئی۔ نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی سری نگر نے طلباء کو گروپس کی شکل میں ایشیا کپ کا پاکستان بھارت میچ دیکھنے سے روک دیا۔ یونیورسٹی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ طلباء پر میچ کے حوالے سے کوئی چیز سوشل میڈیا پر لگانے پر بھی پابندی ہو گی۔ وہ میچ کے دوران اپنے اپنے مخصوص کمروں میں رہیں، طلباء کو ہدایت کی گئی کہ وہ اس کو ایک گیم کے طور پر لیں، انسٹیوٹ یا ہوسٹل میں بدنظمی کا مظاہرہ نہ کریں۔ گروپ کی شکل میں کسی کمرے میں میچ دیکھنے کی صورت میں اس کمرے کی الاٹ منٹ ختم کر دی جائے گی۔ گروپ میں میچ دیکھنے پر 5 ہزار روپے جرمانہ بھی ہو گا۔ نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی نے میچ کے بعد طلباء کو ہاسٹل کے کمروں سے نکلنے سے بھی منع کر دیا ہے۔