• news

عمرانکے ٹیلی تھون کا خیر مقدم ، سیلاب متا ثرین کو پر ممکن وسائل فراہم کریں گے ؛ پرویز الہی 


لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ عمران خان کا سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے انٹرنیشنل ٹیلی تھون کے انعقاد کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ ٹیلی تھون سے سندھ‘ بلوچستان‘ خیبر پی کے‘ پنجاب کے سیلاب متاثرین کی امداد کی جائے گی۔ ملک میں سیلاب کی تباہ کاریوں سے متاثرین افراد اور خاندانوں کی بلا تمیز مدد کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مخیر حضرات دل کھول کر سیلاب متاثرین اکائونٹ میں اپنا اپنا حصہ ڈالیں۔ وزیراعلیٰ پرویزالٰہی نے کہا کہ پاک فوج سیلاب متاثرین کی بحالی میں اپنا کردار بخوبی ادا کر رہی ہے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ خود سیلاب متاثرین کی بحالی میں پیش پیش ہیں۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی سے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر نعمان کبیر کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی۔ نعمان کبیر نے ایل سی سی آئی کی جانب سے وزیراعلیٰ فلڈ ریلیف فنڈ کیلئے ایک کروڑ روپے کا چیک دیا۔ وزیراعلیٰ پرویزالٰہی نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے عہدیداران کے جذبے کو سراہا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ تاجر و صنعتکار برادری نے مشکل حالات میں ہمیشہ اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ وزیرعلیٰ فلڈ ریلیف فنڈ میں جمع ہونے والی رقم اصل حقدار تک پہنچائیں گے اور سیلاب متاثرین کی بحالی و آبادکاری کیلئے ہرممکن وسائل فراہم کریں گے۔ متاثرین کی بحالی کیلئے ایک بار پھر سب کو قومی جذبے سے کام کرنا ہوگا۔ حکومت کے ساتھ این جی اوز اور صاحب حیثیت افراد کو بھی آگے بڑھ کر متاثرین کا ہاتھ تھامنا ہوگا۔ لاہور میں معروف کاروباری مراکز کے قریب پارکنگ پلازے بنائے جائیں گے۔ انارکلی میں تاجروں اور عوام کی سہولت کیلئے پارکنگ پلازہ بنانے کا منصوبہ بنایا ہے۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز میں تاجر و صنعتکار برادری کی سہولت کیلئے ریونیو ریکارڈ ڈیسک قائم کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے سیلاب کے خدشے کے پیش نظر میانوالی کی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کا حکم دیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن