کور کمانڈر کوئٹہ کا دوررہ مراد جمالی، سیلاب متاثرین سے ملاقات
کوئٹہ ؍ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) کور کمانڈر بلوچستان جنرل آصف غفور نے ڈگری کالج ڈیرہ مراد جمالی کا دورہ کیا۔ کور کمانڈر نے سیلاب متاثرین کے خیمے میں جا کر ملاقات کی۔ سیلاب متاثرین نے شکایات کے انبار لگا دیئے۔ کور کمانڈر آصف غفور باجوہ نے بی بی نانی پل جلد بحال کرنے کی ہدایت کی۔ بی بی نانی پل کا حصہ گرنے کی وجہ سے لوگ تین روز سے پھنسے ہوئے تھے۔ پینے کا پانی بھی ہیلی کاپٹر کے ذریعے بھجوایا گیا۔ کور کمانڈر نے آب گم میں مچ اور گردونواح کے متاثرین کیلئے ریلیف کیمپ کا دورہ کیا۔ کور کمانڈر نے ریسکیو اور ریلیف آپریشن میں حصہ لینے والے نوجوانوں کی تعریف کی۔ چیئرمین این ایچ اے نے کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور سے ملاقات کی ۔کور کمانڈر نے کہاکہ بلوچستان کے زمینی رابطوں کی جلد بحالی کیلئے کوششیں شروع کریں۔ این ایچ اے کو پاک فوج سے ہر طرح کی مدد ستیاب ہے۔ ادھر آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل حسن اظہر نے سوات میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ متاثرین اور سیاحوں سے بات چیت کی۔ ان سیاحوں اور افراد کو پاک فوج نے کالام اور کمراٹ سے نکالا تھا۔ انہوں نے امدادی کاموں اور بحالی میں مصروف مقامی افراد اور جوانوں سے بھی ملاقات کی۔کورکمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا نے کوہستان کے دور دراز علاقوں کا دورہ کیا۔ ریسکیو‘ ریلیف آپریشنز میں مصروف فوجی جوانوں سے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈر نے مقامی آبادی کی مدد کیلئے کوششوں کو سراہا۔