• news

مہنگائی پر کنٹرول کیلئے بھارت سے تجارت کرسکتے ہیں ، سبزیاں درآمد کریں گے : وزیرخزانہ 

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے بھارت سے تجارت کرنے کا عندیہ دیدیا۔ میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ بھارت سے تجارت اپنے کسانوں کے حالات دیکھ کر کریں گے۔ اسی دوران صحافی کی طرف سے سوال کیا گیا کہ ماضی میں بھارت سے تجارت کے حامی وزراء کو گھر جانا پڑا۔ اس پر جواب دیتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ عوام کو مہنگائی سے بچانے کیلئے اگر گھر جانا پڑتا ہے تو ٹھیک ہے، معیشت کے بہتری کیلئے جتنی محنت کر رہا ہوں امید ہے مجھے نہیں نکالا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیلاب کے باعث پھل، سبزیوں کی سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ  ہے۔ سپلائی متاثر ہوئی تو سبزیوں کی امپورٹ کھولنا پڑیں گی۔ بھارت سے بھی اگر سبزیاں امپورٹ کرنا پڑیں تو کریں گے۔  وزیر خزانہ نے کہا ہے کہ سبزیوں کی کمی دور کرنے اور مہنگائی پر کنٹرول کرنے کیلئے بھارت سے تجارت ہو سکتی ہے۔ انڈیا سے تجارت سے متعلق یہ میرا ذاتی خیال ہے۔ سیلاب میں 10  ارب ڈالر کا نقصان ہوا۔ صرف ریلیف کیلئے ایک ارب ڈالر درکار ہیں۔ میرا ذاتی خیال ہے غیر معمولی حالات ہیں اگر بھارت سے سبزیاں درآمد کرنا پڑیں تو کریں گے۔ دریں اثناء وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل سے گورنر سٹیٹ بنک جمیل احمد خان نے ملاقات کی۔ گورنر سٹیٹ بنک نے مانٹیری پالیسی کو طویل  المدتی اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ مفتاح اسماعیل سے فنانس منسٹر خیبر پی کے تیمور سلیم جھگڑا نے بھی ملاقات کی۔ وزارت خزانہ کے اعلامیہ کے مطابق مفتاح اسماعیل کو نئے ضم ہونے والے اضلاع کے مالیات پر بریفنگ دی۔

ای پیپر-دی نیشن