• news

کابینہ ایک ماہ کی تنخواہ دے گی ، وزیراعلی کا ہیلی کاپٹر سیلاب متاثرین کیلئے وقف 


لاہور (نیوز رپورٹر+سپورٹس رپورٹر) وزیراعلیٰ پرویزالٰہی کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کا دوسرا اجلاس منعقد ہوا۔ پنجاب کابینہ نے سیلاب متاثرین سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ایک ماہ کی تنخواہ متاثرین سیلاب کی مدد کے لئے دینے کا اعلان کیا۔  چودھری پرویز الہٰی نے اپنا ہیلی کاپٹر سیلاب متاثرین کے لئے وقف کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میرا ہیلی کاپٹر مصیبت زدہ بہن بھائیوں کو ریلیف دینے کے لئے استعمال کیا جائے۔ پرویزالٰہی کی زیر صدارت کابینہ اجلاس میں سیلاب سے متاثرہ دیگر صوبوں کی ضروریات پوری کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ پنجاب حکومت بلوچستان، سندھ اور خیبر پی کے کے سیلاب متاثرین کیلئے ادویات اور میڈیکل سٹاف بھجوائے گی۔ بلوچستان، سندھ اور خیبر پی کے کے سیلاب متاثرہ بہن بھائیوں کے ساتھ ہیں۔ پنجاب حکومت مشکل کی گھڑی میں دیگر صوبوں کے ساتھ بھی کھڑی ہے۔ اجلاس میں  راجن پور، ڈیرہ غازی خان اور میانوالی کے سیلاب متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دینے کے فیصلے کی توثیق کی گئی۔ بارشوں و سیلاب سے جاں بحق ہونے افراد کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی گئی۔ کابینہ نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔ پرویز الہٰی نے ریلیف کی سرگرمیو ں کو منظم انداز میں مزید تیز کرنے کی ہدایت کی اور کہاکہ متاثرہ علاقوں میں ضرورت کے مطابق ٹینٹ، فوڈ ہیمپرز اور دیگر ضروری سامان مہیا کیا جائے گا۔ گھروں، فصلوں اور لائیوسٹاک کو پہنچنے والے نقصانات کا بھی ازالہ کریں گے اور ہر حقدار کو اس کا حق دیا جائے گا، کسی کی حق تلفی نہیں ہونی چاہیے۔ پنجاب کابینہ نے بارشوں اور سیلاب سے آبپاشی کے انفراسٹرکچر کو پہنچنے والے نقصانات کی تعمیر و مرمت کے لئے 4ارب روپے کے خصوصی فنڈز کے اجراء کی منظوری دی۔ ڈیرہ غازی خان ضلع میں سرکاری اراضی کی نیلامی کے عمل کو کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے پرائیوٹائزیشن کے سپرد کرنے کا فیصلہ کیا گیا اورکمیٹی تمام امور کاجائز ہ لے کر اپنی حتمی سفارشات پیش کرے گی۔ کابینہ نے نکلسن روڈ کو سابق سینئر سیاستدان نوابزادہ نصر اللہ سے منسوب کرنے کی منظوری دی۔ پی ایس ڈی پی / اے ڈی پی فنڈڈ پروگرام برائے اصلاح کھالا جات کے فیز ٹو کے سٹاف کا معاملہ کمیٹی کے سپرد کرنے اور ایل ڈی اے ٹربیونل کے صدر منصور احمد خان کے عہدے میں توسیع کی منظوری دی گئی۔ سرکاری جامعات کے وائس چانسلرز کی تقرری کے لئے نئی سرچ کمیٹی کی تشکیل کی منظوری دی گئی، سرچ کمیٹی کے کنونیئر شفقت محمود ہوں گے۔ پنجاب ریونیو اتھارٹی کے ایپلٹ ٹربیونل کی چیئرپرسن اور جوڈیشل ممبرز کی تعیناتی اور پنجاب اسمبلی کے 5 ویں پارلیمانی سال2022-23 کے سالانہ کیلنڈر پنجاب پبلک سروس کمیشن برائے سال 2021ء کی سالانہ رپورٹ صوبائی محتسب پنجاب کی سالانہ رپورٹ 2021ء کابینہ کے پہلے اجلاس میں تشکیل دی جانے والی کابینہ سٹینڈنگ کمیٹیوں کی ازسرنو تشکیل کی منظوری دی گئی۔ علاوہ ازیں پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ گوجرانوالہ، لاہور، ملتان سمیت 4 شہروں میں پہلوانوں کیلئے جم اور کمپلیکس بنائیں گے۔ بڑے ادارے کھلاڑیوں کو ملازمتیں دیں تاکہ وہ روزگار سے بے فکر ہو کر کھیل سکیں۔ وہ نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں  پرائیڈ آف پنجاب سپورٹس ایوارڈ اور لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ سپورٹس کے شعبے میں گولڈ میڈلز کی خوشی ملنا قابل تحسین ہے۔ ماضی میں نظر انداز سپورٹس کے شعبے کو دوبارہ بحال اور فنکشنل کریں گے۔ نجی یونیورسٹیوں میں سپورٹس کے فروغ کیلئے وائس چانسلرز کو بلا رہا ہوں۔ بچو ں کے ٹیلنٹ کو اجاگر کرنے کیلئے غیر ملکی اور اچھے کوچ لائیں گے۔ قذافی سٹیڈیم کے نزدیک ایک ارب ڈالر سے 25 منز لہ کمپلیکس تعمیر کیا جائے گا۔ نئے کمپلیکس میں پنجاب گورنمنٹ 30 فیصد اور 70 فیصد متحدہ عرب امارات کی حکومت کا حصہ ہوگا۔ کھلاڑیوں کے سٹیڈیم آنے جانے کیلئے زیر زمین ٹنل بنائی جائے گی۔ جدید کمپلیکس بننے سے کرکٹ کے میچ دبئی کی بجائے لاہور میں کرانا آسان ہوگا۔ کبڈی کے کھلاڑیوں کیلئے جہاں سے بھی اچھا کوچ ملے گا لے کر آئیں گے۔ خواتین کی کرکٹ کے علاوہ دیگر کھیلوں میں کوچنگ اور حوصلہ افزائی کریں گے۔ حکومت پنجاب سپورٹس کے شعبے کو نظر انداز نہیں کرے گی۔ پرویز الٰہی نے پاکستان کے پہلے گولڈ میڈلسٹ اتھلیٹ دین محمد کو گھر دینے‘ سنوکر چیمپئن احسن رمضان کو 10 لاکھ روپے کی سنوکر ٹیبل دینے کا بھی اعلان کیا۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں خصوصی تقریب کے دوران کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ میڈلز حاصل کرنے والے نیزہ باز ارشد ندیم، ویٹ لفٹر نو ح دستگیر بٹ، سنوکر چیمپئن احسن رمضان کو پرائیڈ آف پنجاب ایوارڈ اور 20،20لاکھ روپے کیش انعام دیا۔ سلور میڈل حاصل کرنے والے ریسلر انعام بٹ، طاہر شریف، زمان انور کو پرائیڈ آف پنجاب ایوارڈ اور 10،10لاکھ روپے انعام سے نوازا گیا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الہٰی نے براؤنز میڈلز حاصل کرنے والے ریسلر علی اسد کو 5لاکھ روپے اور پرائیڈ آف پنجاب ایوارڈ دیا۔ وزیراعلیٰ نے اکرم ساہی، ممتاز سابق کبڈی پلیئر ارشد ستار، بیڈ منٹن پلیئر زرینہ وقار، سابق اتھلیٹ عبدالخالق مرحوم کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا اور5،5لاکھ روپے انعام دیا۔ عبدالخالق مرحوم کا ایوارڈ اور کیش انعام ان کے بیٹے نے وصول کیا۔ وزیراعلیٰ نے 1954کے منیلا ایشین گیمز میں پاکستان کا پہلا گولڈ میڈل حاصل کرنے والے اتھلیٹ دین محمد کو ان کی نشست پر جا کر گولڈ میڈل پیش کیا اور 5لاکھ روپے انعام دیا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالہٰی نے خاتون اتھلیٹ شبانہ اختر کو بھی انعام دینے کا اعلان کیا۔پرویز الٰہی نے سابق ہاکی اولمپیئن منظور جونیئر کے انتقال پر اور سیہون شریف کے قریب کشتی الٹنے سے قیمتی  انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن