• news

آئی ایم ایف پروگرام توسیع کیساتھ بحال 

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) آئی ایم ایف کے بورڈ نے پاکستان  کے لئے توسیعی فنڈ کی سہولت کو بحال کر دیا ہے، اور اس کے قرض کی  دو اقساط جن کا حجم 1.16 ارب ڈالر ہے پاکستان کو جاری کرنے کی منظوری دے  دی ہے۔ اس بات کا اعلان وفاقی وزیر خزانہ نے اپنی ٹویٹ میں کیا۔ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ وہ  وزیر اعطم شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے بہت سے مشکل فیصلے کئے اور ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے  بچایا۔ انہوں نے قوم کو مبارک باد بھی دی۔ آئی ایم ایف کے بورڈ نے پاکستان قرضہ پروگرام کی میعاد میں ایک سال کی توسیع دے دی ہے اور یہ 30جون 2023ء تک جاری رہے گا۔ اس پروگرام کے تحت قرض کی مجموعی رقم  میں ایک ارب ڈالر کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ بھارت کے سوا  سب ممالک نے پاکستان کے حق میں ووٹ دیا۔ اس پروگرام کے تحت آئندہ ریویو اکتوبر میں ہو گا۔ موجودہ  حکومت کے  اقتدار میں آنے کے وقت پاکستان کے لئے قرض پروگرام معطل تھا، جبکہ اس کو بحال کرانے کے لئے حکومت کو آئی ایم ایف کی تمام شرائط پر من و عن عمل کرنا پڑا، ان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں اضافہ، بجلی کی قیمت بڑھانا اور دوسری اہم شرائط شامل  تھیں۔ دریں اثناء آئی ایم ایف  کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان پر آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس حال ہی میں ختم ہو گیا ہے۔  یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ بورڈ نے توسیعی فنڈ کی سہولت کے تحت مشترکہ 7ویں اور 8ویں جائزے کی تکمیل اور 1.6بلین کی قسط جاری کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ جائزے کی تکمیل سے کثیرالجہتی اور دو طرفہ ترقیاتی شراکت داروں سے اہم بیرونی فنانسنگ کو متحرک کرنے میں مدد ملے گی۔ بورڈ نے جون 2023 کے آخر تک پروگرام کی توسیع اور 720ملین  ڈالر 934 تک رسائی کو بڑھانے کی منظوری بھی دی ہے جس سے پروگرام کا کل سائز   کم وبیش سات  ارب ڈالر  ہو جائے گا جو کوٹے کے 245.6 فیصد کے برابر ہے۔ آئی ایم ایف بورڈ نے پاکستان میں سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر پاکستانی حکام کے ساتھ گہرے دکھ اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ ایگزیکٹو بورڈ نے پروگرام کو دوبارہ پٹری پر لانے کے لیے حکام کی حالیہ کوششوں کا خیرمقدم کیا اور پروگرام کی پالیسیوں اور اہداف کے لیے عزم کی تجدید کی۔ پاکستان کے لئے 1.16ارب ڈالر اسی ہفتے کے دوران پاکستان کو موصول ہو جائیں گے ۔ وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) پروگرام کی بحالی پاکستان کی معیشت کیلئے مثبت پیش رفت ہے۔ آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی سے پاکستان کے معاشی طور پر دیوالیہ ہونے کا خطرہ ختم ہو گیا۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے پاکستان مشکل معاشی امتحان سے سرخرو ہو کر نکلا ہے۔ آئی ایم ایف پروگرام ایک مرحلہ ہے لیکن پاکستان کی منزل معاشی خود انحصاری ہے۔ آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی سے پاکستان میں معاشی استحکام آئے گا۔ شہباز شریف نے مزید کہا کہ پروگرام کی بحالی کیلئے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور ان کی ٹیم کو شاباش دیتا ہوں۔ دعا ہے آئی ایم ایف کا یہ آخری پروگرام ہو۔ آئندہ پاکستان کو کبھی اس کی ضرورت نہ رہے۔ پر امید ہوں مسلم لیگ ن کی سابق حکومت کی طرح ایک بار پھر  آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہیں گے۔ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان کے ساتھ سٹاف لیول معاہدے کی منظوری دے دی۔ وزیر خزانہ نے مفتاح اسماعیل نے بیان میں کہا ہے کہ الحمدللہ آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ نے توسیع فنڈ سہولت کی منظوری دیدی ہے۔ ہمیں ایک ارب 17 کروڑ ڈالر کی ساتویں اور آٹھویں قسط مل رہی ہے۔ وزیراعظم  کا متعدد مشکل فیصلے لینے پر شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ وزیراعظم کا پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچانے پر شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو اس منظوری پر مبارکباد دیتا ہوں۔ وزیر مملکت مصدق ملک نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی پاکستان کے خلاف سازش ناکام ہو گئی۔ آئی ایم ایف نے پاکستان پروگرام بحال کر دیا۔ کیا فائدہ ہوا پی ٹی آئی کو ملک کو دیوالیہ کرنے کی سازش کرنے کا؟ کیا پی ٹی آئی کو یہ ہے ملک سے محبت؟۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ آئی ایم ایف بورڈ نے پاکستان کیلئے پروگرام کی منظوری دیدی، قوم کو مبارکباد ہو۔

ای پیپر-دی نیشن