متاثرین سیلاب کی مدد کیلئے آگے آنا عبادت سے کم نہیں:رائے خان کھرل
شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ضلعی رہنما و سابق ممبر میونسپل کمیٹی شیخوپورہ رائے محمد خان کھرل نے کہاہے کہ متاثرین سیلاب کی مدد کیلئے آگے آنا عبادت سے کم نہیں پوری قوم کو فوری طور پر اپنے سیلاب متاثرہ بھائیوں کیلئے دل کھول کر مدد کرنا چاہئے، مصیبت میں گھرے بہن بھائیوں کی مدد قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے قوم متاثرین کی بحالی اور آبادی کاری کے کار خیر میں بھرپور حصہ ڈالے، اپنے ایک بیان میں رائے محمد خان کھرل نے کہا کہ پہلے بھی زلزلے اور سیلابوں کے موقع پر عوام نے بھرپور انداز میں اپنے پاکستانی بھائیوں کا ساتھ دیا سیلاب اور بارشوں سے ہونے والی تباہ کاریاں انسانیت کیلئے آزمائش کی شکل اختیار کر چکی ہیں عوام کو اپنے بھائیوں کی دل کھول کر امداد کرنی چاہئے، انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حصول اقتدار کی خاطر ملک میں انارکی کو فروغ دینے کی بجائے سیلاب زدگان کی عملی خدمات کی خاطر کردار ادا کرے عمران خان نے قوم کو مایوس کیا ہے نواز لیگ واحد سیاسی جماعت ہے جو عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور سیلاب کی تباہ کاریوںکے شکار پاکستانیوں کی امداد و بحالی کی خاطر بھی میدان عمل میں ہے۔