بلدیہ شیخوپورہ کی ڈسپوزل برانچ میں کرپشن کی بھرمار‘انتظامیہ خاموش
شیخوپورہ(عظیم علی شیخ، سید علی معظم رضوی، امجد علی سلطانی سے)بلدیہ شیخوپورہ کی ڈسپوزل برانچ میں کرپشن کی گنگا بہنے لگی عرصہ تین سال سے تعینات انچارج جہانگیر حیدر دونوں ہاتھوں سے مال سمیٹنے میں مصروف ، اعلیٰ افسران عوامی شکایات کے باوجود کاروائی سے گریزاں، شہریوں کا شدید رد عمل کا اظہار اور کرپشن کی روک تھام و کاروائی یقینی بنانے کا مطالبہ، شہریوں کے مطابق قلعہ کے قریب واقع ڈسپوزل اور محلہ علامہ مشرقی پارک میں بنائے گئے ڈسپوزل کا انچارج جہانگیر حیدر نامی ملازم کو بنایا گیا ہے جو بطور نائب قاصد بھرتی ہوا اور بعض افسران کی خصوصی نوازش کے تحت اسے ڈسپوزلز کے انچارج کی ذمہ داری سونپ دی گئی جس کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے اس نے کرپشن کی انتہا کردی ہے ، خراب پیٹرز کو قابل استعمال ظاہر کرکے انہیں چلائے جانے کی مد میں بوگس بلز بناکر رقم ہڑ پ کرتا آرہا ہے گاڑیوں اورخصوصا انکے انجنوں کی مر مت کے معاملے میں بھی بوگس بلوں کے سہارے خزانہ سرکار کو چونا لگا رہا ہے اور گاڑیوں و پیٹر انجنوں کو چلانے کی خاطر حاصل ہونے والے فیول کو بھی خرد برد کرکے فروخت کرنا معمول بنائے ہوئے ہے جبکہ کرپشن کی اس بہتی گنگا میں ہاتھ دھونے والوں میں چیف آفیسر اور میونسپل انجینئر بھی شامل ہیں جو ڈسپوزل انچارج کے کرپشن کے مال میں سے حصہ وصول کرتے ہیں یہی وجہ ہے کہ اسکے خلاف ابتک کوئی کاروائی نہیں ہوسکی اور اسے نائب قاصد کی ڈیوٹی لینے کی بجائے ڈسپوزل انچارج کا لیا جارہا ہے تاکہ اس سے حاصل ہونے والے کرپشن کے مال سے جیب گرم ہوتی رہے ، شہریوں نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے اور کاروائی کی اپیل کی ہے، علاوہ ازیں جہانگیر حیدر نے مذکورہ الزامات کی تصدیق نہ کی ہے۔