مجھے کہا جارہا سیاست نہ کریں ، سیلاب متاثرین میری ذمہ داری ہیں : عمران
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی زیرِصدارت خصوصی اجلاس ہوا۔ سیکرٹری جنرل اسد عمر، سینیٹر شبلی فراز، سینٹر شوکت ترین، منزہ حسین اور عمر ایوب، وزیر خزانہ پنجاب محسن لغاری، وزیر خزانہ خیبر پی کے تیمور سلیم جھگڑا اور ڈاکٹر ثانیہ نشتر بھی اجلاس میں شریک تھے۔ تحریک انصاف سندھ کے صدر علی حیدر زیدی، خورشید عالم ، ڈاکٹر افتخار درانی، سینٹر فیصل جاوید اور امجد علی خان بھی موجود تھے۔ سیلاب متاثرین کے لئے عطیات جمع کرنے کے لئے ٹیلی تھون کے دوسرے مرحلے سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ جمع شدہ عطیات کو مربوط اور شفاف طریقے سے سیلاب متاثرین تک منتقل کرنے کی حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا۔ عطیات کے انتظام اور امدادی سرگرمیوں کے موثر بندوبست کے لئے ڈاکٹر ثانیہ نشتر کی سربراہی میں کمیٹی کی تشکیل پر بھی بات چیت کی۔ چاروں صوبوں میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے تخمینے اور امداد کی تقسیم کے طریق کار پر بھی گفتگو کی۔ نہایت سخاوت سے سیلاب متاثرین کے لئے عطیات دینے پر اہل پاکستان خصوصاً اوورسیز پاکستانیوں کا شکر گزار ہوں۔ ماحولیاتی تغیرات کے مہلک اثرات نمایاں ہو رہے ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف نے بطور جماعت ہنگامی صورتحال میں ہمیشہ قومی خدمت کا فریضہ سرانجام دیا ہے۔ سیلاب متاثرین کے لئے جمع ہونے والے عطیات کی نہایت شفافیت سے آفت زدہ پاکستانیوں کی بحالی پر خرچ کیا جائے گا۔ ماحولیاتی تغیرات کے تباہ کن اثرات کے مستقل ازالے کے لئے بھرپور ریاستی وسائل بروئے کار لانا ہونگے۔ عمران خان نے کہا ہے کہ مجھے کہا جا رہا ہے سیاست نہ کریں۔ لوگ سیلاب کی وجہ سے متاثر ہیں‘ سیلاب متاثرین میری ذمہ داری ہیں۔ ان کے ساتھ اپنی آزادی کی تحریک کیلئے بھی کام کروں گا۔ ڈیزل سے زیادہ کام کروں گا۔عمران خان آج یکم ستمبر کو سرگودھا آمد پر سپورٹس سٹیڈیم میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے، جس کے لئے پنڈال سجا کر استقبال کیلئے انتظامات مکمل کر لئے گئے۔ سخت ترین سکیورٹی انتظامات کے تحت یونیورسٹی آف سرگودھا میں دو یوم کی تعطیل کر دی گئی۔عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی سماعت کے آغاز سے قبل کمرہ عدالت میں سابق وزیر اعظم عمران خان نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو بھی کی۔ اس سوال کے جواب میں کہ کیا آپ کسی مرحلے پر معذرت کریں گے۔ عمران خان نے جواب دیا کہ میں نے عدالت میں اپنا بیان جمع کرا دیا ہے۔ اب اتنا خوف کیوں ہے میں تو اس پر حیران ہوں اس سوال پر کہ آپ ملک کے اگلے وزیراعظم ہیں تو عمران خان نے جواب دیا کہ یہ اللہ جانتا ہے۔