• news

بلاول کا غیر ملکی سفیروں ، عالمی اداروں کے نمائندوں کیساتھ سندھ کے متاثرہ علاقوں کا فضائی دورہ 

اسلام آباد +سکھر ( خصوصی نامہ نگارنوائے وقت رپورٹ)  وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری اور امریکہ‘  چین‘ فرانس‘ جاپان‘ اٹلی سمیت20زائد ممالک  کے سفیروں ‘عالمی اداروں کے  نمائندوں  نے  سندھ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا فضائی دورہ کیا۔ اعلامیہ کے مطابق این ڈی اے حکام نے سفارتکاروں‘ عالمی اداروں کے نمائندوں کو سکھر ایئرپورٹ پر سیلاب سے تباہی پر بریفنگ دی۔ وزیرخارجہ نے پاکستان میں ہونے والے نقصانات سے آگاہ کیا۔ ادھر بدھ کو انٹرنیشنل ڈونرز نے ایئرپورٹ پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات کی جس میں وزیراعلیٰ اور چیف سیکرٹری سہیل راجپوت نے ڈونرز کو سندھ کی صورتحال پر بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ کے 24 اضلاع‘ 102 تعلقہ اور 5727 دیہہ بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ 15 لاکھ گھر گر گئے جس کی تعمیر کیلئے 450 ملین روپے درکار ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سندھ میں 3172726  ایکڑوں پر کھڑی فصلیں تباہ ہو گئیں۔ فصلوں کے نقصان کا تخمینہ 335441  ملین روپے لگایا گیا ہے۔  2281.5 کلومیٹر کے 570 روڈ تباہ ہو گئے۔ نقصانات کا تخمینہ 860 بلین روپے بنتا ہے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت کو اموات‘ زخمیوں‘ گھر اور مرنے والے مویشیوں کا بھی معاوضہ دینا ہوگا۔  اس موقع پر وفاقی وزیر احسن اقبال‘ پی ڈی ایم اے نے بھی ڈونر ایجنسیوں کے سربراہوں اور ڈپلومیٹس کو بریف کیا۔ ڈونرز ایجنسیوں اور ڈپلومیٹس نے کہا کہ سندھ حکومت کی مدد کریںگے۔ متاثر لوگوں کی بحالی کیلئے عالمی برادری پورا ساتھ دے گی۔

ای پیپر-دی نیشن