سیلاب: برطانیہ مزید ڈیڑھ کروڑ پاؤنڈ، امارات 5 کروڑ درہم، بدھ پیشوا 60 لاکھ ڈالر دے گا
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں) برطانیہ نے پاکستان کے سیلاب زدگان کی امداد کیلئے مزید ڈیڑھ کروڑ پاؤنڈ دینے کا اعلان کیا ہے۔ دوسری طرف متحدہ عرب امارات نے بھی 5 کروڑ درہم کا امدادی سامان فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اسلام آباد میں برطانوی ہائی کمشن نے کہا ہے کہ پاکستان کے سیلاب زدگان کیلئے برطانوی امداد میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ برطانوی ہائی کمشن کے مطابق پاکستان کے سیلاب زدگان کیلئے برطانوی امداد میں اضافے کا اعلان، برطانوی وزیر خارجہ نے کیا ہے۔ برطانوی ہائی کمشن نے کہا کہ برطانیہ پہلے ہی پندرہ لاکھ پاؤنڈ فوری امداد کا اعلان کر چکا ہے۔ برادر ملک ترکیہ سے مزید 2 طیارے پاکستان کے متاثرینِ سیلاب کے لیے امدادی سامان لے کر کراچی ایئر پورٹ پر اتر گئے۔ ان دونوں طیاروں میں متاثرینِ سیلاب کے لیے خیمے، کمبل، کھانے پینے کی اشیاء ترکیہ سے کراچی لائی گئی ہیں۔ ترکیہ سے اب تک 90 ٹن امدادی سامان متاثرینِ سیلاب کے لیے کراچی لایا جا چکا ہے۔ ترکیہ سے امدادی سامان لے کر پاکستان آنے والی پروازوں کی تعداد 9 ہو گئی۔ متحدہ عرب امارات نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کیلئے امداد جاری رکھنے کا عزم کرتے ہوئے پچاس ملین درہم کے امدادی سامان کی پہلی قسط کی فراہمی شروع کر دی۔ ادھر تھائی لینڈ کے بدھ پیشوا آریا وانگ سو نے لاہور عجائب گھر کے دورے کے دوران سیلاب متاثرین کیلئے 60 لاکھ ڈالر امداد کا اعلان کیا۔ تھائی بدھ پیشوا نے کہا کہ پاکستان میں آج بھی گندھارا کی قدیم تہذیب سے وابستہ چیزیں موجود ہیں۔