شمالی وزیرستان،لکی مروت میں پولیو کے مزید 2کیسز سامنے آگئے
اسلام آ باد (خبر نگار ) ملک میں پولیو کے دو مزید کیسز سامنے آگئے ، ایک کیس شمالی وزیرستان اور ایک لکی مروت میں رپورٹ ہوا۔ قومی ادارہ صحت کے مطابق پولیو وائرس سے معذور ہونے والے بچوں میں لکی مروت سے 16 سالہ لڑکا اور شمالی وزیرستان سے دو سالہ بچہ شامل ہیں۔ پاکستان نیشنل پولیو لیبارٹری قومی ادارہ صحت اسلام آباد نے دونوں بچوں میں وائرس کی تصدیق کر دی ہے۔ پاکستان نیشنل پولیو لیبارٹری کے مطابق لکی مروت سے تعلق رکھنے والے 16 سالہ لڑکے کا بایاں پاں متاثر ہوا ہے، جب کہ شمالی وزیرستان سے رپورٹ ہونے والا بچہ جسمانی طور پر مکمل متاثر ہوگیا تھا اور بعد میں انتقال کرگیا۔ قومی ادارہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق رواں برس پاکستان سے پولیو کیسز کی تعداد 17 ہوگئی ہے، ان کیسز میں 15 متاثرہ بچوں کا تعلق شمالی وزیرستان سے ہے، اور دو کیسز لکی مروت سے رپورٹ ہوئے ہیں۔