پاکستان اہم ملک ، ھکومت کوئی بھی ہو اس سے تعلقات وتعاون جاری رہے گا : امریکہ
واشنگٹن(این این آئی) امریکی وزیر خارجہ کے مشیر ڈیرک شولے نے کہا ہے کہ عمران خان کے سازش والے الزامات میں سچائی نہیں ہے۔امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن کے مشیر ڈیرک شولے نے ایک انٹرویومیں کہا کہ پاکستان اہم ملک ہے، کوئی بھی حکومت ہو اس سے تعلقات و تعاون جاری رہے گا۔انہوں نے کہا کہ امریکا کے پاکستان سے تعلقات کثیر جہتی ہیں اور یہ تعلقات صرف افغانستان تک محدود نہیں۔انہوں نے کہا سکیورٹی اوراقتصادی تعاون اور سیلاب زدگان کیلئے امداد امریکی عزم کا اظہار ہے۔ڈیرک شولے نے کہا کہ انسداد دہشت گردی آپریشن میں پاکستان اہم حلیف رہا، پاک امریکا فوجی تعاون مضبوط ہے۔انہوں نے کہا کہ افغانستان کے علاوہ بھی دہشت گردی سے نمٹنا ہمارے مشترکہ مفاد میں ہے، انسداد دہشتگردی آپریشن میں پاکستان کا ساتھ ماضی میں رہا، امید ہے آگے بھی رہے گا۔ڈیرک شولے نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان صحت کے شعبے میں پہلا ڈائیلاگ منعقد ہوا ہے، امریکا پاکستان سے تعاون کیلئے پرعزم ہے، پاکستان امریکا کے75 سالہ سفارتی تعلقات ہیں، امید ہے آنے والے برسوں میں بھی ایسا رہے گا۔