اسلام آباد، راولپنڈی میں عوام کی سہولت کیلئے نادرا بائیکر سروس شروع
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) اسلام آباد اور راولپنڈی میں عوام کی سہولت کے لیے وزارت داخلہ نے باقاعدہ ’’نادرا بائیکر سروس‘‘ کا افتتاح کر دیا۔ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان نے نادرا ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا جہاں چیئرمین نادرا نے وزیر داخلہ کو نادرا بائیکر سروس اور دیگر نئی شروع ہونے والی سہولیات سے متعلق بریفنگ دی۔ چیئرمین نادرا نے سیلاب زدہ علاقوں میں نادرا دفاتر اور ملازمین کو پیش آنے والے نقصانات کے بارے میں وزیر داخلہ کو آگاہ کیا۔ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے چیئرمین نادرا کو ہدایت کی کہ نادرا بائیکر سروس ایک بہترین سہولت ہے۔ اس کا نیٹ ورک پورے ملک میں پھیلایا جائے اور نادرا رجسٹریشن سینٹرز کو ملک کے تمام تحصیل ہیڈکوارٹرز تک پھیلایا جائے جبکہ تمام صوبوں اور بڑے قصبوں میں نادرا رجسٹریشن کے لیے سمارٹ سہولیات کا انتظام کیا جائے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے آن لائن سہولیات کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جائے جبکہ نومولود بچوں کی رجسٹریشن کے لیے بھی خودکار نظام قائم کیا جائے۔ انہوں نے نادار بائیکر سروس شروع کرنے پر چیئرمین نادرا اور اس کی ٹیم کو مبارکباد دی۔ چیئرمین نادرا طارق ملک نے کہا کہ بائیکر سروس کو پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر اسلام آباد اور راولپنڈی میں متعارف کروایا گیا ہے جبکہ اس سروس کو جلد ہی ملک کی تمام تحصیلوں تک پھیلا دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس سروس کے ذریعے اپلائی کیے گئے شناختی کارڈ درخواست دہندہ کے گھروں پر پہنچائے جائیں گے۔