شہباز، زرداری حکومت نے بے حسی، سفاکیت کی حدیں پار کرلیں: عمر سرفراز چیمہ
لاہور(آئی ا ین پی ) مشیر اطلاعات پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ شہبازشریف، آصف زرداری حکومت بے حسی، ظلم اور سفاکیت میں تمام حدیں پار کرتے ہوئے عوام کو زندہ درگور کرنے پر تل گئی ہے، سیلاب، مہنگائی کی چکی میں پستی عوام پر ایک ہی دن میں پٹرول، ڈیزل اور بجلی کے بم گرادیے گئے ہیں۔ بجلی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر اپنے ردعمل میں ترجمان حکومت پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ بجلی 4.34 روپے فی یونٹ مزیدمہنگی، پیٹرول 2 روپے 7 پیسے مہنگا ، ڈیزل 2 روپے 99 پیسے مہنگا ، مٹی کے تیل میں 10 روپے 92 پیسے فی لیٹر اضافہ نااہلی اور بے شرمی کی انتہا ہے۔ عمر سرفراز چیمہ کا مزید کہنا تھا کہ نااہل نالائق شہباز زرداری حکومت نے پٹرول میں 10 روپے لیوی بڑھانے کے بجائے 17.5 روپے بڑھا کر 37.5 فی لیٹر کردی ہے، بے حس حکومت نے عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت میں کمی پر عوام کو ریلیف دینے کے بجائے منافع جیب میں ڈال لیا ہے۔