• news

سیلاب زدگان کو فنڈز کی تقسیم میرٹ پر کریں گے: ثانیہ نشتر


لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے احساس پروگرام ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سیلاب متاثرین کیلئے فنڈز ریزنگ کر رہے ہیں اور ان کی اولین ترجیح ہے کہ ان فنڈز کو شفافیت کے ساتھ مستحق افراد تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح ہم نے کرونا کے دنوں میں پورے پاکستان میں اربوں روپے عوام تک مکمل شفافیت کے ساتھ تقسیم کئے‘ اسی طرح سیلاب زدگان کیلئے جمع ہونے والے فنڈز بھی میرٹ پر بغیر کسی سیاسی سفارش کے متاثرین میں تقسیم کئے جائیں گے۔ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ حکومت پنجاب جلد احساس کیش اور احساس راشن رعایت پروگرام شروع کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار  انہوں نے سیلاب سے متاثرہ ضلع ڈیرہ غازی خان کے دورے کے موقع پر کیا۔ قبل ازیں ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے صدرمملکت عارف علوی کے ساتھ سیلاب متاثرین کے کیمپوں کا دورہ کیا اور ان سے مسائل کے بارے میں آگاہی حاصل کی۔ بعدازاں انہوں نے ای خدمت مرکز ڈیرہ غازی خان کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر ممبر صوربائی اسمبلی ڈاکٹر شاہینہ نجیب کھوسہ‘ ڈپٹی کمشنر ڈی جی خان انور بریار‘ اے ڈی سی آر طیب خان اور انچارج ای خدمت مرکز مدثر سہرانی نے ان کا استقبال کیا۔

ای پیپر-دی نیشن