شہداد پور: راشن دینے کے بہانے لڑکی سے مبینہ اجتماعی زیادتی، ایک گرفتار
لاہور‘ فیصل آباد، سانگھڑ (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی+ نیٹ نیوز) مختلف علاقوں میں اوباش افراد نے دو لڑکیوں اور دو بچوں کو زیادتی کا نشانہ بنا دیا۔ تفصیل کے مطابق تھانہ بٹالہ کالونی کے علاقہ عوامی چوک میں دکاندار اعجاز یوسف نے عمران کے پندرہ سالہ بیٹے (ع) عمر اور تھانہ ترکھانی کے علاقہ 41 گ ب میں زید وغیرہ چار افراد نے یاسین کے بارہ سالہ بیٹے (ح) کو ورغلاء کر زیادتی کا نشانہ بنا دیا۔ تھانہ صدر تاندلیانوالہ کے علاقہ 397 گ ب میں سانول وغیرہ تین افراد نے (ط) اور 411 گ ب میں آصف وغیرہ دو افراد نے (ش) کو اسحلہ کے زور پر ڈرا دھمکا کر زبردستی زیادتی کا نشانہ بنا دیا اور فرار ہو گئے۔ پولیس نے مقدمات درج کر کے ملزمان کے خلاف کارروائی شروع کر دی ہے۔ سندر کے علاقے میں رکشہ ڈرائیور اکرم نے ہوٹل پر کام کرنے والے 13 سالہ لڑکے کو زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔ سندر پولیس نے درخواست موصول ہونے پر مقدمہ درج کر کے ملزم اکرم کو گرفتار کر لیا ہے اور مزید تحقیقات کیلئے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا ہے۔ ضلع سانگھڑ کے شہر شہداد پور میں راشن دینے کے بہانے ایک لڑکی سے مبینہ اجتماعی زیادتی کا واقعہ پیش آیا ہے۔ متاثرہ لڑکی نے الزام لگایا ہے کہ نشہ آور چیز کھلا کر اسے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا، وہ سبزی لینے جا رہی تھی کہ اسے راشن کا جھوٹا دلاسا دیا گیا۔ پولیس کو دیئے گئے بیان میں متاثرہ لڑکی نے کہا ہے کہ رکشا ڈرائیور خالد اور دل شیر ماچھی نے زیادتی کی۔ پولیس کے مطابق لڑکی کو بیان کیلئے طلب کر لیا ہے۔ ایک ملزم زیر حراست ہے، لڑکی کے بیان اور میڈیکل کے بعد مقدمہ درج کیا جائے گا۔