جنوبی چھاؤنی میں معمولی تلخ کلامی پر فائرنگ، دوست قتل، راہگیر زخمی
لاہور (نامہ نگار) جنوبی چھاؤنی میں دوستوں نے معمولی تلخ کلامی پر فائرنگ کر کے دوست کو قتل کر دیا جبکہ فائرنگ کی زد میں آکر ایک راہگیر بھی زخمی ہو گیا۔ پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق جنوبی چھاؤنی کے رہائشی عمر شہزاد اور عمر سلطان وغیرہ کا اپنے دوست آشان کے ساتھ تلخ کلامی پر جھگڑا ہو گیا۔ لڑائی کے دوران عمر شہزاد اور اس کے ساتھیوں نے فائرنگ کرنا شروع کر دی۔ جس سے آشان موقع پر جاں بحق ہو گیا جبکہ فائرنگ کی زد میں آکر علی رضا نامی راہگیر بھی زخمی ہو گیا ہے۔ زخمی کو طبی امداد کے لئے سروسز ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی کینٹ سے رپورٹ طلب کر لی۔