سعودی وزارت داخلہ کے وفد کی رانا ثناء اللہ سے ملاقات، رابطہ بہتر بنانے پر اتفاق
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) سعودی عرب کی وزارت داخلہ کے سینئر حکام کے وفد کی وزارت داخلہ آمد، سعودی کمانڈر بارڈر گارڈ میجر جنرل محمد بن عبداللہ الشہری کی قیادت میں وفد نے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک سعودی دو طرفہ تعلقات سمیت، باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بات چیت کی۔ سکیورٹی، غیر قانونی امیگریشن اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے عملے کی ٹریننگ کے حوالے سے بات چیت کی۔ مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے دونوں ممالک کی داخلہ وزارتوں کے درمیان کوارڈینیشن مزید بہتر بنانے پر اتفاق پایا گیا۔ وزیر داخلہ نے حالیہ سیلاب میں متاثرین کیلئے ہنگامی انسانی امداد دینے پر سعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے خادمین حرمین شریفین کو حج 2022 پر بہترین انتظامات کرنے پرمبارکباد پیش کی۔ وزیر داخلہ نے پاکستان سے عازمین حج کیلئے روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد اور سعودی حکومت کا شکریہ بھی ادا کیا۔