عمران آئی ایم ایف سے معا ہدہ نہ کرتے تو مہنگا ئی نہ ہو تی: وزیر اطلاعات
اسلام آباد(خبرنگارخصوصی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمر ان خان آئی ایم ایف سے معاہدہ نہ کرتے تو مہنگائی اور بیروزگاری نہ ہوتی۔ گزشتہ روز عمران خان کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام ایک فارن ایجنٹ ، سازشی، جھوٹے اور چور کے بارے میں مکمل طور با شعور ہو چکے ہیں،قوم کے شعور نے کارٹلز مافیا اور سازشی ٹولے کو پارلیمنٹ سے اٹھا کر باہر پھینکا ہے ۔ پنجاب اور خیبرپی کے ڈوب رہا ہے اور عمران خان تقسیم اور انتشار پھیلا رہے ہیں ، ملک سیلاب کی لپیٹ میں ہے اور فارن ایجنٹ اپنی" میں"سے آزاد نہیں ہو پا رہے ۔ عمران خان چار سال معیشت تباہ نہ کرتے تو مہنگائی نہ ہوتی ، عمران خان 20 ہزار ارب کا تاریخی قرض نہ لیتے تو آج بیروزگاری نہ ہوتی، عمران خان نے اپنا منہ پالش کرانے کے لئے امریکی لابی فرم کی خدمات حاصل کی ہوئی ہیں۔