اینٹی منی لا نڈرنگ ایکٹ کے تحت بغیر وجہ بتا ئے ایف بی آر طلبی نو ٹس غیر قا نونی : ہا ئیکورٹ
لاہور (سپیشل رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ نے ایف بی آر کی جانب سے اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت طلبی کی وجہ بتائے بغیر بھجوائے گئے نوٹسز غیرقانونی قرار دیتے ہوئے طلبی کے نوٹس کیخلاف درخواستیں منظور کرلی ہیں جبکہ ایف بی آر کی جانب سے ایسے طلبی کے نوٹسز جن میں وجہ بیان کی گئی تھی ان کیخلاف درخواستیں خارج کر دی گئی ہیں۔ جسٹس شمس محمود مرزا نے اینٹی منی لانڈرنگ کے حوالے سے382 درخواستوں پر فیصلہ سنایا ہے۔ درخواست گزاروں کے وکیل نے موقف اختیار کیا تھا کہ بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات ٹیکس ریٹرن میں ظاہر نہ کرنا اینٹی منی لانڈرنگ کے تحت Predicate offense نہیں ہے۔ ایف بی آر کو 2020سے قبل کے کیسز میں اینٹی منی لانڈرنگ کے تحت سماعت کا اختیار ہی نہیں ہے۔ ایف بی آر کی جانب سے براہ راست نوٹس جاری کرنا پہلے سے جاری عدالتی فیصلے کی بھی خلاف ورزی ہے۔ ایف بی آر کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ اینٹی منی لانڈرنگ کے طلبی کے بھجوائے گئے نوٹسز قانون کے مطابق ہیں۔ ٹیکس گزاروں کا موقف سن رہے ہیں۔ عدالت عالیہ نے اینٹی منی لانڈرنگ کے کال اپ نوٹسز کے خلاف حکم امتناعی جاری کر رکھا تھا۔ عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے دائر درخواستوں کو منظور کرلیا ہے۔ عدالت نے ایف بی آر کی جانب سے طلبی کے ایسے نوٹسز جن میں وجہ بیان کی گئی تھی ان کے خلاف درخواستیں خارج کر دی ہیں۔ ایسے کیسز میں عبدالصبور سمیت ڈیڑھ سو سے زائد درخواستیں دائر کی گئی تھیں۔