وزارت دفاع کی ایکس سروس مین سوسائٹی ویٹرنز آف پاکستان سے لاتعلقی
اسلام آباد (خبرنگارخصوصی) وزارت دفاع نے پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی (PESS) اور ویٹرنز آف پاکستان (VoP) سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ان کی جانب سے خیراتی مقاصد کے لئے کی جانے والی سرگرمیوں، سیلاب زدگان کی امداد کے لئے فنڈز جمع کرنا، عوامی خدمات یا اپنے خیالات کی ترویج کے لیے عوام کی حمایت کے حصول کی سرگرمیاں خلاف قانون ہیں۔ ترجمان وزارت دفاع کے اعلامیہ کے مطابق مسلح افواج کی جانب سے ایسی نام نہاد سابق فوجیوں کی سوسائٹیاں جو پاکستان کی مسلح افواج یا اس کی اکائیوں کے ساتھ وابستگی کا غیر قانونی دعوی کرتی ہیں اور مندرجہ بالا سرگرمیوں میں ملوث ہیں ایسی سوسائٹیوں کو نہ تو تسلیم کیا گیا ہے اور نہ ہی اس کی اجازت ہے۔ وزارت دفاع پہلے ہی سابق فوجیوں کی سوسائٹیوں کے کام کرنے/ چلانے کے لیے جامع پالیسی رہنما اصولوں پر مرتب کرچکی ہے۔ پالیسی کے رہنما اصولوں کی تعمیل نہ کرنے والے افراد کی کوئی بھی تنظیم مجرم ہوگی، جس کے تعزیری نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔