ہرات کی مسجد میں خود کش دھماکہ ، طالبان رہنما سمیت 46شہید ، 84زخمی ، پاکستان کی مذمت
ہرات‘ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ‘ خصوصی نامہ نگار) افغانستان کے صوبے ہرات کی مسجد کے باہر ہونے والے دھماکے میں امام مسجد سمیت 46 افراد کے شہید ہونے اور 84 کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ پولیس کے مطابق دھماکے میں مولوی مجیب انصاری بھائی سمیت شہید ہو گئے جبکہ ان کے ساتھ گارڈز اور دیگر غازی بھی موجود تھے جو زخمی ہو گئے۔ مقامی ذرائع کے مطابق دھماکے میں مولوی مجیب انصاری سمیت کم از کم 46 افراد شہید اور 84 افراد زخمی ہوئے تاہم سرکاری ذرائع سے اس کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔ کسی بھی گروپ کی جانب سے تاحال دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی ہے تاہم افغان سکیورٹی ذرائع نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ دھماکے کے پیچھے داعش کا ہاتھ ہو سکتا ہے۔ دھماکے کے بعد طالبان سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیر لیا ہے جبکہ ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق افغان صوبے ہرات کے شہر گزرگاہ کی مسجد کے دروازے پر اس وقت زوردار دھماکہ ہوا جب ملک کے معروف مذہبی سکالر مجیب الرحمان انصاری محافظوں کے ہمراہ وہاں آئے تھے‘ اور اس دوران مسجد میں نماز جمعہ کی تیاریاں کی جا رہی تھیں جبکہ شہریوں کی بڑی تعداد وہاں موجود تھی۔ دھماکے کے بعد افراتفری مچ گئی اور طالبان اہلکاروں نے جائے وقوعہ کا محاصرہ کر لیا۔ ریسکیو ادارے نے دھماکے میں شہید اور زخمی ہونے والوں کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔ افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اﷲ مجاہد نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ بم دھماکے میں ملوث لوگوں کو سخت سے سخت سزا دی جائے گی۔ ملک کے معروف مذہبی سکالر کی شہادت افسوسناک ہے۔ ادھر گورنر ہرات مولوی حمید اﷲ متوکل نے دھماکے میں طالبان کے حامی مجیب الرحمان انصاری کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے محافظ اور نمازی بھی شہید ہو گئے ہیں۔ الجزیرہ کے مطابق ابھی تک دھماکے کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی۔ پاکستان نے افغانستان کے شہر ہرات میں ہونے والی دہشت گردی کے واقعہ کی مذمت کی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے افغانستان کے شہر ہرات میں مسجد پر ہونے والے دہشت گردی کے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے۔ پاکستان نے دہشتگرد حملے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر سوگوار خاندانوں سے گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے۔ پاکستانی عوام دکھ اور غم کی اس گھڑی میں اپنے افغان بھائی بہنوں کے ساتھ ہے۔