سابق وزیراعظم متا ثرین کی مدد کے بجائے جلسے کر رہے، پہلے انسان پھر سیا ستدان بنو، بلاول
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) وزیر خارجہ و پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملک میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے دوران سابق وزیراعظم عمران خان کو جلسے کرنے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ بلاول نے سیلاب کی سیٹلائٹ اور دیگر تصاویر لگا کر ٹویٹ کی اور لکھا کہ پاکستان کو اپنی تاریخ کے بدترین سانحے کا سامنا ہے، ملک کا ایک تہائی حصہ زیرآب آچکا ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ پاکستان میں تقریباً ساڑھے تین کروڑ افراد متاثر ہوئے جو کل ملکی آبادی کا ساتواں حصہ ہیں۔ بلاول کا کہنا تھاکہ سابق وزیراعظم خیبرپختونخوا اور پنجاب میں کنسرٹ کررہے ہیں، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے وزرائے اعلیٰ سیلاب متاثرین کی امداد کی بجائے سابق وزیراعظم کے کنسرٹس کے انعقاد میں مصروف ہیں، ان حالات میں ایسا رویہ شرم ناک ہے۔ پی پی چیئرمین نے کہا کہ پہلے انسان بنو، پھر سیاست دان بنو۔ دریں اثناء وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان السعود سے ٹیلفونک گفتگو ہوئی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران سعودی وزیر خارجہ کو سیلاب اور موسلا دھار بارشوں کی تباہ کاریوں سے آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سعودی وزیر خارجہ کا سیلاب متاثرین کی امداد کرنے پر سعودی حکو مت کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا اقوام متحدہ کی اپیل کی کامیابی اور سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر کا م کرنا ہے۔ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ عبداللہ بن زاید سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ بلاول بھٹو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ متحدہ عرب امارات کے ہم منصب عبداللہ بن زاید سے رابطہ ہوا ہے۔ ٹیلیفونک رابطے کے دوران وزیر خارجہ نے سیلاب، طوفانی بارشوں کے متاثرین کے لیے انتہائی ضروری سامان بھیجنے پر یو اے ای کی قیادت اور عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ یو اے ای کے وزیر خارجہ کو سیلاب متاثرین سے متعلق تازہ صورتحال اور بحالی کے مرحلے میں در پیش چیلنجز سے آگاہ کیا۔