عمران کے سوا کوئی کالا باغ ڈیم نہیں بنا سکتا ، پرویزالہی
لاہور؍ گجرات (نیوز رپورٹر+ نامہ نگار) وزیر اعلی پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ عمران خان کے سوا کالا باع ڈیم کوئی نہیں بنا سکتا۔عمران خان ہی پاکستان کو ترقی یافتہ ملک بنا سکتے ہیں۔ عمران خان دو تہائی اکثریت لے کر آئیں گے اور پاکستان کا نقشہ بدل دیں گے۔سب مل کر عمران خان کی صحت اور عمردرازی کیلئے دعا کریںجلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گجرات کی دھرتی وفا کی سرزمین ہے۔گجرات میں سب سے زیادہ نشان حیدر ہیں ، کوئی جنگ ایسی نہیں جس میں اس دھرتی کے سپوتوں نے جام شہاد ت نوش نہ کیا ہو ۔ عمران خان کو یونیورسٹی آف گجرات بھی لیکر جاؤں گا۔ گجرات یونیورسٹی کے 17 ہزار طلبہ میں 10ہزار طالبات ہیں۔آج گجرات کی بچیاں پڑھ کر خاندانوں کی اچھی تربیت کر رہی ہیں۔تعلیم اور روزگار ہی ترقی اور خوشحالی کا راستہ ہے۔عمران خان کے آنے کی خوشی میں گجرات میں بہت بڑی انجینئرنگ یونیورسٹی بنائیں گے۔نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کیلئے گجرات میں بہت بڑی انڈسٹریل سٹیٹ فنکشنل ہو چکی ہے۔ فین ، فرنیچر اور برتن سازی وغیرہ میں گجرات انڈسٹری کو لیڈ کر رہا ہے ۔ ایک موقع پر حمزہ نے گجرات یونیورسٹی میں طالبات سے کہا کہ ہم نے لیپ ٹاپ دیا ، ہمیں الیکشن میں یاد رکھیں۔طالبات نے حمزہ کو کہا کہ جس نے یونیورسٹی بنائی اسے کیوں نہ یاد رکھیں۔ وزیر اعلی پرویز الٰہی نے کہا کہ گجرات عمران خان سے محبت کرنیوالے اوورسیز پاکستانیوں کا گڑھ ہے۔ عمران خان گجرات سے الیکشن لڑ کر دیکھیں ، ووٹ ختم نہیں ہوںگے۔ وزیر اعلی نے بتایا کہ وزیر آباد کارڈیالوجی شہباز شریف نے بند کر دیا ، عمارت تیار تھی ، سٹاف نہیں تھا۔ سیلاب سے تباہی ہوئی تو میں سب سے پہلے وہاں پہنچا ، عمران خا ن بھی جائیں گے۔ عمران خان سیلاب میں انتھک کام کرنے والی ریسکیو ٹیموں کو شاباش دیں گے۔ اب پنجاب کی تحصیلوں میں ریسکیو پہنچ چکی، سب سے کم ڈیم پاکستان میں ہیں ، کالا باغ ڈیم سے بجلی اور پانی دونوں ملیں گے۔مونس الٰہی نے ڈیم کیلئے بہت کام کر رکھا ہے ۔وزیر اعلی پرویز الہٰی نے کہا کہ ٹیلی تھون میں لوگوں نے عمران خان پر پیسہ نچھاور کیا ۔ پی ڈی ایم ٹیلی تھون کرے تو لوگ پیسے نہیں جوتے بھیجیں گے۔ گجرات کے تاجر اور صنعتکار آگے بڑھ کر کار خیر میں حصہ لیں۔موثر مانیٹرنگ سسٹم کی وجہ سے سیلاب فنڈ میں گھپلے کا کوئی امکان نہیںڈٹ کر کھڑے رہنے پر حسین الہی کا شکریہ ادا کرتا ہوں ۔ چودھری پرویز الٰہی نے جلسہ میں اتنی بڑی تعداد میں شرکت پر شرکاء بالخصوص خواتین کا شکریہ بھی ادا کیا۔قبل ازیںسابق وفاقی وزیر مونس الٰہی نے ظہور الٰہی سٹیڈیم میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گجرات والوں پر احسان کیا جائے تو وہ کیسے یاد رکھتے ہیں۔ پاکستان میں واحد آدمی عمران خان ہے جس کی سب سے زیادہ صوبوں میں حکومت ہے ۔ شہباز شریف کی حکومت صرف اسلام آباد میں ہے مونس الٰہی نے کہا کہ گجرات میں مریم بی بی نے جلسی کی ، یہ جلسہ ہے ۔ مریم بی بی کے بس کی بات نہیں ، ابا جی کو لے آؤ۔ابا جی ، چچا جی ، ککڑی اور پوری پی ڈی ایم مل کر عمران خان کا مقابلہ نہیں کرسکتی۔سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی نے کہا کہ الیکشن میں گجرات کو موقع دیں ، میانوالی سے زیادہ لیڈ ملے گی۔ پوری یوتھ عمران خان کی شیدائی اور فین ہے ۔ قبل ازیں پرویزالٰہی اور مونس الہی نے کنجاہ ہاؤس آمد پرعمران خان کا خیر مقدم کیا۔سابق وفاقی وزیر چودھری وجاہت حسین، سابق ناظم چودھری ریاض اصغر، اسد عمر،فیصل جاوید، شبلی فراز،حافظ فرحت عباس، صوبائی وزیر داخلہ ہاشم ڈوگر اور دیگر رہنما بھی موجود تھے -چودھری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی نے عمران خان سے ملاقات میںسیاسی صورتحال اور سیلاب زدگان کی بحالی کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا ۔ چودھری پرویزالٰہی نے عمران خان کو سیلاب متاثرین کی بحالی و آباد کاری کے اقدامات سے آگاہ کیا ۔عمران خان نے چودھری پرویزالٰہی کی قیادت میں پنجاب حکومت کے سیلاب زدگان کی بحالی کے اقدامات کو سراہااور کہا کہ چودھری صاحب! سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے آپ کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔عمران خان نے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی کی قیادت میں متاثرین سیلاب کی بحالی کے اقدامات کو ہر سطح پر پذیرائی ملی ہے۔ علاوہ ازیں پرویز الٰہی سے رائیونڈعالمی تبلیغی اجتماع کی شوریٰ کے ارکان نے ملاقات کی۔ پرویز الٰہی نے کہا کہ رائیونڈ عالمی تبلیغی اجتماع کیلئے شاندار انتظامات کئے جائیں گے۔ 3نومبر کو رائیونڈ عالمی تبلیغی اجتماع سے قبل علاقے کی سڑکو ں کی تعمیر ومرمت کاکام مکمل کر لیاجائے گا۔ عالمی تبلیغی اجتماع کیلئے آنے والے شرکاء کو بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ اجتماع کیلئے آنے والے افراد ہمارے معزز مہمان ہیں،ان کی کھلے دل سے مہمان نوازی کریں گے۔