• news

 فیروز والہ : مختلف علاقوں میں چھاپے‘ درجن سے زائد گراں فروش گرفتار



 فیروزوالہ(نامہ نگار)وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ رانا شکیل اسلم نے مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کے خلاف ضلع بھر میں کریک ڈاؤن تیز کرنے کا حکم دیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر رانا شکیل اسلم نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ ضلع بھر میں ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کیخلاف بلاتفریق کارروائی کی جائے۔تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس فیلڈ میں نکلیں اور عوام کو ریلیف دینے کیلئے فعال انداز میں کام کریں اور اپنے اپنے علاقوں میں پرائس کنٹرول کیلئے مثبت انداز میں فرائض سرانجام دیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور کوالٹی کو باقاعدگی سے چیک کیا جائے اور ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹری اشیاء ضروریہ کی مقررکردہ نرخوں پر فراہمی یقینی بنائیں۔  مصنوعی مہنگائی کے ذمہ داروں کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔ عوام کو کسی بھی صورت ناجائزمنافع خوروں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا۔ شہریوں کا مفاد سب سے زیادہ عزیزہے،منافع خور مافیا کو من مانی نہیں کرنے دیں گے اور شہریوں کے مفادات کا پورا تحفظ کریں گے۔ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام کیلئے تمام انتظامی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اور عوام کو مقررہ نرخوں پر اشیاء ضروریہ کی دستیابی میں غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ چوہدری مظہر علی سرور کی نگرانی میں سپیشل  مجسٹریٹوں کی ٹیموں نے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر ایک درجن سے زائد گراں فروشوں کو حراست میں لے لیا ان کے خلاف مقدمات درج کر لیے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن