ہائیکورٹ:13ڈویژنل‘ 43سنگل بنچ تشکیل ‘ نیا ترمیمی ججز روسٹر جاری
لاہور(سپیشل رپورٹر) ہائیکورٹ نے نیا ترمیمی ججز روسٹر جاری کر دیا ہے جس کے مطابق13ڈویژنل اور 43سنگل بنچ تشکیل دے دئیے گئے ہیں۔ پرنسپل سیٹ پر سول اور فوجداری اپیلوں کی سماعت کیلئے 13 ڈو یژنل بنچ تشکیل دیئے گئے ہیں پرنسپل سیٹ پر حکم امتناع، ملازمت، ضمانت سمیت کیسز کی سماعت کیلئے 43 سنگل بنچ تشکیل دئیے گئے ہیں نئے ترمیمی روسٹر کااطلاق 5 ستمبر سے 31 اکتوبر تک ہوگا14 ججز پرنسپل سیٹ پر صرف ایک دن کیسز کی سماعت کرینگے اور پھر علاقائی بنچوں پر ٹرانسفر ہو جائیں گے۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ تمام نوعیت کی اپیلوں پر سماعت کریگا۔ سینئر ترین جج جسٹس ملک شہزاد احمد خان کی سربراہی میں دو رکنی بنچ قتل اور فوجداری نوعیت کی اپیلوں،جسٹس شجاعت علی خان کی سربراہی میں دو رکنی بنچ سول اپیلوں ،جسٹس شاہد وحید کی سربراہی میں دو رکنی بنچ سول اپیلوں ،جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ انسداد دہشت گردی ،جسٹس شاہد بلال حسن کی سربراہی میں دو رکنی بنچ تمام نوعیت کی سول اپیلوں ،جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں دو رکنی بنچ منشیات سمیت فوجداری اپیلوں ،جسٹس عابد عزیز شیخ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ بنکنگ سمیت دیگر سول اپیلوں ،جسٹس سید شہباز رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نیب اپیلوں ،جسٹس شاہد جمیل خان کی سربراہی میں دو رکنی بنچ ٹیکس اور کمرشل نوعیت کی اپیلوں ،جسٹس فیصل زمان خان کی سربراہی میں دو رکنی بنچ سول اپیلوں ،جسٹس شاہد کریم کی سربراہی میں دو رکنی بنچ بنکنگ سمیت دیگر نوعیت کی اپیلوں اورجسٹس شہرام سرور چوہدری کی سربراہی میں دو رکنی بنچ قتل اور دیگر فوجداری اپیلوں پر سماعت کریگا۔ یاد رہے کہ ہائیکورٹ میں موسم گرما کی چھٹیاں ختم ہوگئی ہیں اور اب 5ستمبر سے عدالتوں میں حکم امتناعی، سمیت تمام نوعیت کی درخواستیں، ضمانتوں ، رٹ درخواستیں اورسول و فوجداری سمیت دیگر اپیلوں پر باقاعدگی سے سماعت ہوگی۔