پی ٹی آئی رہنما زلفی بخاری نے برطانوی شہریت کو خیر باد کہہ دیا
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سابق معاون خصوصی زلفی بخاری نے برطانوی شہریت خیر باد کہہ دی میریٹ ہوٹل میں صحافیوں سے گفتگو کر تے ہوئے انہوں نے کہا کہ 18 اگست کو مجھے ہوم ڈیپارٹمنٹ یوکے سے خط موصول ہوا کہ آپ کی برطانوی شہریت چھوڑنے کی درخواست منظور کر لی گئی ہے میں نے یہ فیصلہ اپنے قائد عمران خان کیلئے کیا ہے اب مجھے احساس ہوا ہے کہ مجھے کم از کم چار پانچ سال پہلے ایسا کرنا چاہئے تھا تا کہ کوئی مجھ پر غیر ملکی شہریت کے حوالے سے انگلی نہ اٹھا سکتا ہے زلفی بخاری نے کہا کہ اب میں اپنی پوری توجہ اپنے آبائی حلقہ این اے 50اٹک پر مرکوز رکھوں گا میرے حلقے کے عوام میرے ساتھ کھڑے ہیں میں نے اپنے حلقے اور اپنے قائد عمران خان کیلئے تمام کشتیاں جلا دی ہیں عوام میں رہ کر سیاست کروں گا۔ ہمارے کئی سیاستدان برطانوی شہریت اور پاسپورٹ حاصل کرنے کیلئے ایڑیاں رگڑتے ہیں لیکن ہم نے پاکستان میں رہ کر سیاست کرنی ہے میرے بارے میں منفی پروپیگنڈہ ہوتا تھا کہ جس دن عمران خان اقتدار سے جائیں گے میں بریف کیس اٹھا کر برطانیہ چلا جائوں گا لیکن سب جانتے ہیں میں مشکل وقت میں اپنے قائد عمران خان اوراپنے حلقے کے عوام کے درمیان رہا اور آج میں باضابطہ طور پر برطانوی شہریت کو خیر باد کہہ چکا ہوں میں اب اپنے پاکستانی پاسپورٹ پر برطانیہ سمیت دنیا کے دیگر ممالک میں جائوں گا۔