پاک فضائیہ کا سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری
کراچی ( نوائے وقت رپورٹ) پاک فضائیہ کے خیبر پی کے سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جاری ریسکیو اور ریلیف آپریشن میں تیزی سے کام جاری ہے۔ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق پاک فضائیہ کی ایمرجنسی ریسپانس ٹیمیں سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے سول انتظامیہ کی مدد کر رہی ہیں، علاقے میں راشن کے پیکٹ گرانے کے لئے ہیلی کاپٹر آپریشنز بھی جاری ہے، جبکہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران پاک فضائیہ کی میڈیکل ٹیموں نے 2272 مریضوں کا طبی معائنہ کیا ہے۔پاک فضائیہ کی ایمرجنسی ریسپانس ٹیموں نے ضرورت مند خاندانوں میں 3765 خشک راشن کے پیکٹ اور 13800 پکے ہوئے کھانے کے پیکٹ تقسیم کئے، سیلاب سے متاثرہ مردوں، عورتوں اور بچوں کو مفت کپڑے بھی فراہم کئے گئے ہیں۔ایئر مارشل حامد راشد رندھاوا، ڈپٹی چیف آف ائیر سٹاف ایڈمنسٹریشن نے ضلع راجن پور میں پاک فضائیہ کے فلڈ ریلیف کیمپ کا معائنہ کیا، ڈپٹی چیف آف ائیر سٹاف ایڈمنسٹریشن نے سیلاب متاثرین کو فراہم کی جانے والی سہولیات پر اطمینان کا اظہارکیا ہے۔ایئر مارشل حامد رندھاوا نے پاک فضائیہ کی ایمرجنسی ریسپانس ٹیموں کی بروقت اور انتھک امدادی کاروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ جب تک سیلاب سے متاثرہ تمام پریشان حال ہم وطنوں کی بحالی مکمل نہیں ہوتی پاک فضائیہ امدادی کارروائیاں جاری رکھے گی۔
پاک فضائیہ