نواز‘ عمران پس پردہ روابط کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں: فواد چودھری
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر نائب صدر فواد چودھری نے کہا ہے کہ نواز شریف اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے مابین پس پردہ روابط کی مکمل تردید کرتا ہوں، اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف یا ان کے کسی نمائندے سے کوئی پسِ پردہ رابطہ یا ملاقات ہوئی نہ اس کی ضرورت ہے۔ ایسی تمام اطلاعات محض قیاس آرائی یا کسی میڈیا سیل کی اختراع تو ہو سکتی ہے مگر اس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں، ملکی سیاسی صورتحال کے حوالے سے چیئرمین تحریک انصاف کا مؤقف نہایت غیرمبہم اور دوٹوک ہے۔ فواد چودھری نے کہا کہ عمران خان حقیقی آزادی کی بے مثال تحریک کی قیادت کر رہے ہیں۔ ملکی مستقبل کے معاملات یا فیصلوں کا حق کسی گروہ یا اشرافیہ کے پاس نہیں عوام کے ہاتھ میں ہے۔ فواد چودھری نے کہا کہ انتخابات کی تاریخ کے باضابطہ اعلان کے بغیر کسی خفیہ و اعلانیہ مذاکراتی عمل کا حصہ نہیں بنیں گے۔ طرح طرح کی خبریں تراشنے کی بجائے سنجیدگی سے انتخابات کی تاریخ پر غور کیا جائے اور اس کا اعلان کیا جائے۔