• news

ایک وفاقی‘ 4 صوبائی وزراء کو انتخابی خلاف ورزیوں پر نوٹس


لاہور (نیوز رپورٹر‘ نوائے وقت رپورٹ) الیکشن کمیشن پنجاب کے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر این اے 118 ننکانہ صاحب نے وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کو حلقے میں دورہ کرنے سے روکنے کے احکامات جاری کر دیئے۔ اس بارے میں ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او ننکانہ صاحب کو بھی رانا تنویر حسین اور دیگر عوامی عہدیداران کا حلقے میں داخلہ روکنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر ننکانہ صاحب نے وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کو نوٹس بھی جاری کیا ہے۔ ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ حلقے کا دورہ کرنے کی صورت میں قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ دریں اثناء ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر این اے 157 ملتان نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر صوبائی وزیر محمد اختر ملک کو وارننگ اور ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر این اے 157 ملتان نے امیدوار مہر بانو قریشی کو بھی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نوٹس جاری کیا ہے۔ الیکشن کمشن نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت پنجاب کے 3 وزراء کو بھی نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔ پنجاب اسمبلی کے حلقے 139 شیخوپورہ میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر الیکشن کمشن نے کارروائی کی ہے۔ ترجمان الیکشن کمشن کے مطابق ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر 3 صوبائی وزراء کو نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔ الیکشن کمشن نے پنجاب حکومت  کے جن وزراء کو نوٹس جاری کیا ہے ان میں ڈاکٹر یاسمین راشد‘ خرم شہزاد اور منور حسین شامل ہیں۔ ترجمان کے مطابق تینوں صوبائی وزراء نے پی پی 139 شیخوپورہ میں ضمنی الیکشن کی مہم میں شرکت کی۔ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نے انہیں 7 ستمبر کو وضاحت کے لئے طلب کر لیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن