امریکی کا نگرس وفد کا دورہ سندہ ، بلو چستان ، سیلاب متا ثرین کی امداد بڑھانے کا عزم
کراچی‘ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ ‘ خبر نگار) امریکی کانگرس کے وفد نے سندھ اور بلوچستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ امریکی کانگریس کے وفد کو حیدر آباد میں پاک فوج نے سیلاب پر بریفنگ دی۔ امریکی وفد نے دادو میں متاثرین سے ملاقات کی اور امدادی سامان تقسیم کیا۔ امریکی کانگریس کی رکن شیلا جیکسن نے متاثرہ بچوں اور خواتین کے مسائل سنے۔ وفد نے سیلاب متاثرین کیلئے امداد میں اضافے کے عزم کا اعادہ کیا۔ امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم اور ڈیمو کریٹک رہنما طاہر جاوید بھی ہمراہ تھے۔ امریکی کانگریس میں پاکستانی کاکس کی چیئرپرسن کانگریس وومن شیلا جیکسن، کانگریس مین آل گرین، رکن کانگریس تھامس سوازی اور پاکستان میں متعین امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم پر مشتمل امریکی وفد نے چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی اور سپیکر راجہ پرویز اشرف سے ملاقات کی۔ ڈپٹی چیئرمین سینٹ مرزا محمد آفریدی، سینیٹر اعظم خان سواتی اور سینیٹر دلاور خان بھی ملاقات میں موجود تھے۔ چیئرمین سینٹ نے وفد کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام کیا۔ چیئرمین سینٹ نے اراکین کانگریس کے دورہ پاکستان کا خیرمقدم کیا۔ چیئرمین سینٹ نے امریکی وفد کو حالیہ شدید بارشوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والی سیلابی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔ چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ دورہ دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ دونوں ممالک کے درمیان مزید اعلی سطحی تبادلے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں کارگر ثابت ہونگے۔ امریکی وفد نے حالیہ سیلاب کی وجہ سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس مشکل وقت میں پاکستانی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی امداد جاری رکھیں گے‘ امن و امان کے قیام کیلئے پاکستان نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔