عمران سے اقتدار محرومی کے بعد شدید فرسٹر یشن کا شکار ہیں : مسلم لیگ ن
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر آصف کرمانی نے کہا ہے کہ عمران خان کو دعا اور دوا دونوں کی ضرورت ہے۔ پی ٹی آئی چیئرمین کی فیصل آباد تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے ن لیگی سینیٹر نے کہا کہ پاک فوج 22 کروڑ پاکستانیوں کی قابل فخر فوج ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنی تقاریر میں فوج کو سیاست میں مت گھسیٹیں‘ انہیں دعا اور دوا دونوں کی ضرورت ہے۔ ن لیگی سینیٹر نے مزید کہا کہ آج کی تقریر سے لگتا ہے کہ عمران خان اقتدار سے محروم ہو کر شدید فرسٹریشن کا شکار ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ تصویر ہزار الفاط بیان کرتی ہے۔ اتوار کو اپنے ایک ٹویٹ میں وزیراعظم محمد شہباز شریف کی متاثرین سیلاب کے ساتھ مختلف تصاویر اور پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی سیاسی جلسوں کی تصویریں شیئر کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے لکھا کہ تصویر ہزار الفاظ بولتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تصویریں بیان بازی بمقابلہ حقیقت کی کہانی بیان کرتی ہیں۔ پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان کو آئین میں درج آرمی چیف کے فرائض سے بھی آگاہی نہیں۔ عمران خان کو نیب اور فوج کے سربراہان کے درمیان فرق تک معلوم نہیں۔ یہ فوج کے سربراہ کو عوام سے لڑا کر کس کے مقاصد پورا کرنا چاہتے ہیں؟۔ عمران خان کی گزشتہ روز کی تقریر نے واضح کر دیا کہ ان کی نیندیں کیوں اڑی ہوئی ہیں؟۔ تقریر نے ثابت کر دیا شہباز گل کی گفتگو عمران خان کے فلسفہ شر کا ہی ثمر تھی۔ کچھ دن پہلے عمران کو شکایت تھی سلامتی کے ادارے ان کی سیاسی مدد سے کیوں گریزاں ہیں۔ آج ان کا مطالبہ ہے سلامتی کے اداروں کے سربراہ ان کے سیاسی مخالفین کو کچلنے والے ہوں۔ آئین کے منافی ایسی سوچ رکھنے والا آمریت و فسطائیت کا لاڈلہ تو ہو سکتا ہے قائداعظم کا پیروکار نہیں۔